جنوبی وزیرستان، نوجوان کیساتھ گھومنے کی ویڈیو وائرل، 2لڑکیاں قتل، ایک لاپتہ

جنوبی وزیرستان، نوجوان کیساتھ گھومنے کی ویڈیو وائرل، 2لڑکیاں قتل، ایک لاپتہ

  

وزیرستان(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) قبائلی اضلاع جنوبی و شمالی وزیرستان کے سرحدی گاؤں میں نوجوان شخص کے ساتھ 3 لڑکیوں کی موبائل ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد 2 لڑکیوں کو قتل کردیا گیا۔ واقعہ رزمک پولیس سٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔تین روز قبل جمعہ کے روزواقعہ کی ایف آئی آردرج کرکے تحقیقات شروع کردی گئیں۔ انگریزی اخبار کی رپورٹ کے مطابق واقعہ 14 مئی کوسرحدی گاؤں شام پلین گڑیوم میں دوپہر 2 بجے کے قریب پیش آیا۔ایس ایچ او کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق شام پلین گڑیوم میں چچا زاد بھائی کی جانب سے 16 اور 18 برس کی 2 لڑکیوں کے غیرت کے نام پر قتل کی مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی جس کا نام اور پتہ معلوم نہیں۔ ویڈیو میں ایک نوجوان کو باہر ویران علاقے میں 3 لڑکیوں کے ساتھ اپنی ویڈیو بناتے ہوئے دیکھا گیا۔ وزیرستان کے سینئر پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ 52 سیکنڈ پر مشتمل موبائل ویڈیو کلپ میں نظر آنے والی 3 میں سے 2 لڑکیوں کو قتل کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس ویڈیو میں نظر آنے والے شخص اور تیسری لڑکی کی معلومات جمع کررہی ہے۔پولیس عہدیدار کے مطابق یہ ویڈیو تقریباً ایک برس قبل بنائی گئی تھی اور ممکنہ طور پر چند ہفتے قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔انہوں نے تحصیلدار کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب تک موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تیسری لڑکی اور لڑکا زندہ ہیں۔ واقعہ دور دراز علاقے میں پیش آیا جو سیکیورٹی کے حوالے سے خطرناک سمجھا جاتا ہے۔پولیس عہدیدار نے مزید کہا کہ کوئی کارروائی کرنے سے قبل اس وقت ہماری اولین ترجیح تیسری لڑکی اور اس شخص کی زندگی بچانا ہے۔ادھر تحقیقات کی نگرانی کرنے والے پولیس اہلکار نے کہا کہ جنوبی اور شمالی وزیرستان کے علاقوں شکوتئی اور بارگرام دونوں میں موبائل کوریج نہیں۔ ویڈیو میں موجود مواد مکمل طور قبائلی معاشرے کی اقدار کے خلاف ہے۔

موبائل وائرل

مزید :

علاقائی -