اپریل 2020ء پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 55فیصد کمی

  اپریل 2020ء پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 55فیصد کمی

  

اسلام آباد (یواین پی) کووڈ19- کے باعث لاک ڈاؤن کی وجہ سے اپریل 2020ء کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں 54.86فیصد کمی ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی دس ماہ میں جولائی تا اپریل 2019-20کے دوران درآمدات کا حجم 11.89ارب ڈالر رہا تھا۔اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی ملکی درآمدات میں 2.41ارب ڈالر یعنی 20فیصد سے زیادہ کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ پی بی ایس کے مطابق اپریل 2020ء کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات 54.86فیصد کی کمی سے 580.337ملین ڈالر تک کم ہوگئیں، جبکہ کروڈ آئل کی درآمدات کا حجم 86.5فیصد کمی ہوگیا اور اسی طرح مائع قدرتی گیس کی درآمد میں 52.22فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس (کووڈ19-)کی وباء کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے لاک ڈاؤن کے اقدامات سے ٹرانسپورٹ کی بندش سے درآمدات میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات میں کمی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوئی جس کی وجہ سے قومی خزانہ پر ادائیگیوں کے دباؤ میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

مزید :

کامرس -