اپوزیشن قائدین کیخلاف کیسوں پر بحث فضول‘نیب فلاپ‘ حافظ حسین احمد

  اپوزیشن قائدین کیخلاف کیسوں پر بحث فضول‘نیب فلاپ‘ حافظ حسین احمد

  

ڈیرہ غازیخان (سٹی رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ شریف برادران ایک ہی ہیں اور ایک سکے کے رخ دو ہی ہوتے ہیں۔ نیب کی حکومت کی طرف والی آنکھ کی نظر کمزور جبکہ اپوزیشن کی طرف والی آنکھ کی نظر تیز ہے، نیب اب اپنے بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، نیب عدالتوں میں کیسز کو ثابت نہیں کرپارہی وفاقی کابینہ میں منتخب کابینہ کے بجائے غیر منتخب نابینا کی تعداد زیادہ ہے چوہدری برادران کو اب واضح کرنا ہوگا کہ جے یو آئی کی (بقیہ نمبر55صفحہ6پر)

امانت محفوظ ہے یا اس میں خیانت کی گئی ہے وہ یہاں ڈی جی خان کے میڈیا کے نمائندوں سے ٹیلی فونک گفتگو کررہے تھے جمعیت کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ شیخ رشید نے پیشنگوئی کی ہے کہ عید کے بعد دونوں طرف سے گرفتاریاں ہوگی شیخ رشید کی پیشنگوئیاں دو سال سے درست ثابت نہیں ہورہی اور اب وہ ایکسپوز ہوچکے ہیں کیوں کہ وہ گذشتہ دوسال سے یہی باتیں کررہے ہیں کہ شریف برادران کا احتساب ہوگا لیکن دونوں بھائی لندن جا پہنچے انہوں نے کہا کہ دونوں طرف گرفتاریاں ممکن نہیں کیوں کہ ادویات اسکینڈل، چینی، آٹا اسکینڈل ہواور اب نئے ادویات کے اسکینڈل کے باوجود کسی کو اندر نہیں کیا گیا اورنہ ہی سزا دی گئی ہے، لگتا ہے کہ نیب کی حکومت کی طرف والی آنکھ کی نظر کمزور ہے اس لیے نیب کو کچھ نظر نہیں آرہا البتہ کرپشن کے حوالے سے اپوزیشن کی طرف والی آنکھ سے نیب کو سب کچھ نظر آتا ہے، انہوں نے کہا کہ نیب اب اپنی بقا کی جنگ لڑرہی ہے کیوں کہ نیب عدالتوں میں کیسز ثابت نہیں کرسکی ہے، شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس کے ذریعے جوباتیں سامنے آرہی ہیں ان کو عدالتوں میں ثابت نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں منتخب کابینہ کے بجائے غیر منتخب نابینا افرادکی تعداد زیاد ہے اوراب تو کابینہ نے نصف سینچری بھی مکمل کرلی ہے دیگر وعدوں کی طرح مختصر کابینہ کا خواب بھی شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ چوہدری برادران کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں حافظ حسین احمد نے کہا کہ چوہدری برادران قابل احترام ہیں وہ دھوکا نہیں دیتے لیکن جو ان کو معاملات کے حل کے لیے بھیجتے ہیں وہ ان کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑ جاتے ہیں، جنہوں نے چوہدری برادران کو مختلف وقتوں میں استعمال کیا اور وہ استعمال ہوجاتے ہیں اور ان کے پاس جو امانتیں رکھی ہے وہ ان کوپورا نہیں کرسکے، انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران کواب واضح کرنا ہوگا کہ جے یو آئی کے ساتھ ہونے والے معاملات میں جو امانت ان کے پاس ہے اس میں خیانت ہوگئی ہے یا امانت ابھی تک محفوظ ہے کم ازکم وہ اتنا تو بتادیں۔

حافظ حسین احمد

مزید :

ملتان صفحہ آخر -