چیف ایگز یکٹیو پسکو کا ہزارہ سرکل1,ہزارہ سرکل 2 کا دورہ
پشاور (سٹاف رپورٹر)چیف ایگزیکٹیو پسکو محمدجبارخان نے پسکوہزارہ 1،ہزار 2 سرکلز کا دورہ کیا اورانتظامی امورکا جائزہ لیا، اس موقع پر ایس ای ہزارہ سرکل 1 قاضی محمد طاہر اور ایس ای ہزارہ سرکل 2، محمدرشید نے چیف ایگزیکٹیو پسکو کو خوش آمدید کہا اور ان کو تفصیلی بریفنگ دی اوردونوں سرکلز کی کارکردگی اور ریکوری پوزیشن سے آگاہ کیا، چیف ایگزیکٹو پسکو محمدجبار خان نے اس موقع پر ہزارہ سرکلز کی کارکردگی کو مزید بہتربنانے کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں، اورکہا کہ کرونا وائرس کے موجودہ صورتحال میں تمام ترحفاظتی تدابیراختیار کریں اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں، چیف ایگزیکٹیوپسکو نے کہا کہ ہم نے پورے صوبے میں رمضان المبارک میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں جن کے تحت سحری،افطاری کے اوقات میں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی،پسکوٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں اور کہیں پر بھی بجلی تعطل پرفوری کاروائی کرکے بجلی بحال کی جارہی ہے،صارفین کو تمام ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، چیف ایگزیکٹیونے پسکوکارکنان کو ہدایت کی کہ ہم سب نے مل کر ٹیم ورک کے طورپر کام کرنا ہے.اگر آپ کا تعاون میرے ساتھ رہا تو انشاء اللہ پسکو کو ترقی کی راہ پر ڈالنے میں کامیابی حاصل کروں گا،ہمیں ایمانداری اورخوش اسلوبی سے کام کرنا ہے اورصارفین کے مسائل کو حل کرنا اور بجلی مسائل کے حل میں ان کی راہنمائی کرنا ہے، ا نہو ں نے کہا کہ صارفین کو بہترسہولیات کی فراہمی,ریکوری میں اضافہ اور لائن لاسز میں کمی ہماری اولین ترجیح ہے، اسی طرح چیف ایگزیکٹیوپسکو نے تمام افسران کو دفترو ں سے نکل کر فیلڈ میں صارفین بجلی کے مسائل کوحل کرنے کی ہدایت کی،چیف ایگزیکٹیو پسکو نے کہا کہ عوام کو خدمات کی مد میں سہولیات کی بہتر فراہمی اوربجلی فراہمی میں بہتری لانے کا تہیہ کیا ہے.اب صارف کو گھرکی دہلیز پر تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی،چیف ایگزیکٹیونے کہا کہ شکایات کے ازالے کے لئے فوری رسپانس کی ضرورت ہے،اس لئے دفترشکایات اور کسٹمرسروسز سنٹرز کو مزیدفعال کیا جائے ،. صارفین ہمارے لئے اہم ہیں اور ان کی شکایات کا جلد سے جلد ازالہ ہماری اولین مطمع نظر ہے،.اجلاس میں بجلی کے ناجائز استعمال کے خلاف جاری مہم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا.چیف ایگزیکٹیونے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں کسی سے رورعایت نہ کی جائے کیونکہ بجلی کے ناجائز استعمال سے بجلی فراہمی نظام شدید اوورلوڈہوجاتا ہے جوبجلی فراہمی میں باربارتعطل کا باعث بنتا ہے.اس لئے اس مہم میں تیزی لائی جائے اور بجلی کا ناجائز استعمال کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے، چیف ایگزیکٹیوپسکو نے کہا کہ میں جزا اورسزا دونوں اصولوں پر یقین رکھتا ہوں لہذااچھی کارکردگی کے حامل افسران اور اہلکاروں کو انعام اور ترقی ملے گی جبکہ خراب کارکردگی پر سخت انضباطی کاروائی کی جائے گی.انہوں نے کہا کہ ہمیں صارفین کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے اور اپنی کارکردگی مزید بہتربنانے کی ضرورت ہے تاکہ نہ صرف کمپنی ترقی کرے بلکہ صارفین کی شکایات کا ازالہ بھی بروقت ہو.ہمیں پسکو کوصارف دوست کمپنی بنانا ہے اور پسکو کو دوبارہ سے ایک منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے آپ سب کا تعاون اورکوشش ازحد ضروری ہے.میں اپنی طرف سے پسکوملازمین کے مسائل کے حل کے لئے کوشش کررہا ہوں اور ملازمین کے جائز پیشہ ورانہ مسائل کے حل کے لئے تمام ترکاوشیں کروں گا.