ڈالر مہنگا ہو گیا ، سٹاک مارکیٹ کی کیا صورتحال ہے ؟ جانئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )کورونا وائرس نے اس وقت پاکستان سمیت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور لاک ڈاﺅن کی صورتحال کے باعث معیشتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تاہم اب پاکستان میں بھی نرمی کر دی گئی ہے اور ایس او پیز کو اپناتے ہوئے کاروبار کی اجازت دیدی گئی ہے تاہم انٹر بینک میں آج ڈالر مہنگا ہو گیاہے جبکہ سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کا رجحان ہے ۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بینک میں کاروبار کا آغاز ہوا تو ڈالر 41 پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر اس وقت 160 روپے 50 پیسے پر فروخت ہو رہاہے ۔دوسری جانب یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سٹا ک مارکیٹ میں بھی مندی کا رجحان ہے ، کاروبار کا آغاز ہوا تو 100 انڈیکس 34 ہزار 8 پوائنٹس پر تھا جس میں کچھ ہی دیر کے بعد بہتری آنا شروع ہوئی اور انڈیکس 34 ہزار 393 کی سطح پر پہنچ گیا تاہم یہ پرواز مسلسل جاری نہ رہ سکی اور انڈیکس نے نیچے آنا شروع کر دیا ۔اس وقت 100 انڈیکس 113 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 33 ہزار 894 پوائنٹس پر آ گیاہے ۔
یاد رہے کہ پاکستان میں لاک ڈاون کھلنے کے بعد کورونا وائرس کے مزید 1974 کیسز کا اضافہ ہو گیاہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 30 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 13 ہزار 925 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں مزید 1974 افراد میں وائرس کی تشخیص ہو ئی ہے جس کے بعد مجموعی تعداد 42 ہزار 125 ہو گئی ہے جبکہ مزید 30 افراد انتقال کر گئے ہیں اور اموات 903 ہو گئیں ہیں۔
کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سندھ میں ہیں جہاں تعداد 16 ہزار 377 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ان میں سے 4 ہزار 209 افراد صحت یاب ہو نے کے بعد گھروں کو لوٹ گئے ہیں تاہم اموات 277 ہو گئیں ہیں۔
سندھ کے بعد وائرس سے متاثرہ سب سے زیادہ افراد پنجاب میں ہیں جہاں تعداد 15 ہزار 346 ہو گئی ہے اور 260 افراد انتقال کر گئے ہیں تاہم 4ہزار 918 افراد ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔