جن کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا ان کا کیا بنے گا؟ کپتان بنتے ہی بابر اعظم نے واضح کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے واضح کیا ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ کے بغیر بھی کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا ایسی بات نہیں کہ کسی کو سنٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا تو اس کو موقع نہیں دیا جائے گا۔ وہاب ریاض اور محمد عامر سے بات بھی ہوئی تھی۔ نسیم شاہ، محمد حفیظ اور شعیب ملک کو بھی بغیر سنٹرل کنٹریکٹ کے ٹیم میں شامل کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بطور کپتان ان کی کوشش ہوتی ہے کہ گراؤنڈ میں کھلاڑیوں پر غصہ نہ کریں ، وہ گراؤنڈ میں سینئر کھلاڑیوں سے مشاورت کرتے ہیں۔ ون ڈے ٹیم کی کپتانی ملنا اعزاز کی بات ہے اور یہ ایک چیلنج بھی ہے۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ان کا ویرات کوہلی کے ساتھ کوئی موازنہ نہیں ہے لیکن جب لوگ ان کا کوہلی اور کین ولیمسن جیسے عظیم بلے بازوں کے ساتھ موازنہ کرتے ہیں تو انہیں خوشی ہوتی ہے۔
دورہ انگلینڈ کے حوالے سے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ دورہ انگلینڈ کے لیے پی سی بی کھلاڑیوں کی صحت کا خیال رکھے گا۔ اگلے ہفتے سے پی سی بی بھی کھلاڑیوں کا کمپ لگانے جارہا ہے اور قرنطینہ میں کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ بھی ہوئے ہیں۔