کورونا وائرس کا مذاق اُڑانے والا ٹیکسی ڈرائیور خود اس کا شکار ہوگیا، تمام لوگوں کے لیے وارننگ جاری کردی

کورونا وائرس کا مذاق اُڑانے والا ٹیکسی ڈرائیور خود اس کا شکار ہوگیا، تمام ...
کورونا وائرس کا مذاق اُڑانے والا ٹیکسی ڈرائیور خود اس کا شکار ہوگیا، تمام لوگوں کے لیے وارننگ جاری کردی

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا سے کچھ ایسی مثالیں بھی آ رہی ہیں کہ جو لوگ کورونا وائرس کا مذاق اڑاتے ہیں اور اسے ڈرامہ کہتے ہیں، جب انہیں یہ موذی وائرس لاحق ہوتا ہے تو وہ چیخ چیخ کر پوری دنیا کو اس سے متنبہ کرنے لگتے ہیں۔ ایسی نئی مثال برطانیہ سے سامنے آئی ہے جہاں ایک ٹیکسی ڈرائیور کی کورونا وائرس سے بے خوفی نہ صرف اسے بلکہ اس کی بیوی کو بھی موت کے دہانے پر لے گئی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اوبر ٹیکسی چلانے والے اس ڈرائیور کا نام بریان لی ہے جس نے 2اپریل کو ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر پوسٹ کی ، جس میں اس نے کہا کہ اسے کورونا وائرس کا کوئی خوف نہیں کیونکہ اس وائرس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور یہ محض ایک ڈرامہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق 19اپریل کو بریان لی کو وائرس لاحق ہو گیا اور اس نے انجانے میں اپنی بیوی کو بھی یہ وباءمنتقل کر دی۔ اب دونوں میاں بیوی کی حالت تشویشناک ہے۔ اب ہسپتال کے بیڈ سے بریان لی نے ایک اور ویڈیو جاری کی ہے جس میں اس نے خدا اور اپنی بیوی سے معافی مانگتے ہوئے ندامت کا اظہار کیا ہے کہ اس نے اپنے ساتھ اپنی بیوی کو بھی موت کے منہ میں دھکیل دیا۔ وہ ویڈیو میں کہتا ہے کہ ”کورونا وائرس کوئی ڈرامہ نہیں تھا، میں اس حوالے سے غلط تھا۔ یہ بالکل حقیقت ہے اور لوگوں کو اسے سنجیدہ لینا چاہیے۔ میں اس کا مذاق اڑاتا تھا اور آج اس کی قیمت چکا رہا ہوں۔“ رپورٹ کے مطابق بریان لی اور اس کی بیوی تین ہفتے سے وینٹی لیٹر پر ہیں۔ بریان کی حالت قدرے بہتر ہے لیکن اس کی اہلیہ کی حالت بہت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

مزید :

برطانیہ -کورونا وائرس -