پاکستان میرا گھر ہے،موسیقار اذان سمیع خان

پاکستان میرا گھر ہے،موسیقار اذان سمیع خان

  

 لاہور(فلم رپورٹر)موسیقار  اذان سمیع خان کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے بھارتی شہریت کا فیصلہ کیا لیکن پاکستان میرا گھر ہے اور میں نے یہاں رہنے کا انتخاب کیا ہے۔میوزک ڈائریکٹر اذان سمیع خان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وہ جانتے ہیں کہ ان کے والد بھارتی شہریت اور اس کی حمایت کرنے کی وجہ سے ایک متنازع شخصیت ہیں۔انہوں نے بتایا کہ میرے والد نے کچھ فیصلے کئے اور بھارت کا انتخاب کیا لیکن مجھے کوئی حق نہیں کہ میں ان سے سوال کروں۔

 کیونکہ وہ میرے والد ہیں اور میں ان کی عزت کرتا ہوں۔اذان سمیع خان کا کہنا تھا کہ میرے والد سے میرا رشتہ دوستوں والا ہے کیونکہ میں اپنی والدہ کے پاس پلا بڑھا ہوں۔اذان سمیع خان نے مزید بتایا کہ والد کی طرح میرے بھی بھارت میں متعدد دوست ہیں لیکن مجھ پر تھا کہ میں کہاں کا انتخاب کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی والدہ زیبا بختیار کے ساتھ پاکستان میں رہا اور یہیں جوان ہوا ہوں، پاکستان میرا کا گھر ہے اور میں نے یہیں رہنے اور کام کرنے کو پسند کیا ہے۔واضح رہے کہ گلوکار عدنان سمیع نے 1993 میں پاکستانی اداکارہ زیبا بختیار سے پہلی شادی کی تھی جن سے ان کے ایک بیٹے اذان  سمیع خان ہیں لیکن ذاتی وجوہات کے باعث دونوں میں تین سال کے بعد ہی طلاق ہو گئی تھی۔

مزید :

کلچر -