وزیر جنگلات سبطین خان نے کورونا ویکسین لگوا لی

  وزیر جنگلات سبطین خان نے کورونا ویکسین لگوا لی

  

لاہور(اپنے نمائندے سے)وزیر جنگلات سبطین خان نے کورونا ویکسین کا انجیکشن لگوا لیا۔ انہوں نے گذشتہ روز قریبی ویکسینیشن سنٹر سے ویکسین کروائی۔ اس موقع پر انہوں نے طبی عملہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کو اس وبا سے نجات دلانے کیلئے دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز قوم کے حقیقی محسن ہیں جن کی ہر شہری کو نہ صرف قدر کرنی چاہئے بلکہ موقع پر حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کرنا چاہئے۔ 

اس سے طبی عملہ کے جذبے توانا ہوں گے اور وہ مزید پرعزم ہو کر اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ وزیر جنگلات نے مزید کہا کہ کورونا ویکسین مہلک وبا کے خلاف حفاظتی چادر ہے۔ ہر شہری کو ویکسینیشن کے عمل میں حصہ لینا چاہئے اور بروقت کورونا ویکسین لگوا کر ذمہ داری کا ثبوت دینا چاہئے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ اپنی اور دوسروں کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے تمام شہری کلیدی انفرادی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا سے محفوظ پاکستان بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ شہریوں کی جانب سے حکومتی ہدایات اور ایس او پیز پر عمل سے ہی وبا کا ممکنہ پھیلاؤ روکا جا سکے گا۔ سبطین خان نے مزید کہا کہ آج کی احتیاط مستقبل کے صحتمند پاکستان کی ضامن ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -