جماعت اسلامی، اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرے گی

        جماعت اسلامی، اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرے گی

  

  لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے اسرائیلی فوج کی غزہ پربمباری اور معصوم شہریوں کے قتل کے خلاف امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 21 مئی سے صوبائی دارالحکومت میں دس بڑے احتجاجی مظا ہر ے اور ریلیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس فلسطین کا نہیں بلکہ پوری امت کا مسئلہ ہے۔ مسجد اقصیٰ مسلمانوں کا قبلہ اول ہے اور اس وقت تمام امت کے حکمرانوں کوقبلہ اول کی بے حرمتی اور نہتے فلسطینیوں پر ظلم وبربریت کے خلاف مدد کیلئے آگے بڑھنا چاہیے اور عالمی سطح پر اسرائیل کی اس دہشتگردی کے خلاف موثر آواز بلند کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ  اس وقت عالمی ادارے بھی اسرائیل کو نہتے مسلمانوں پربمباری اور پرتشدد کارروائیوں سے روکنے کی بجائے مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں جو قابل مذمت اور انسانیت کی تذلیل ہے۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم اس مشکل گھڑی میں فلسطین کی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ قبلہ اول کی بازیابی پوری ملت اسلامیہ کی گردنوں پر قرض اور فرض ہے۔مظلوم کی فریاد سننا، اس کی ہر قیمت پر مدد کرنا مسلمانوں پر فرض ہے۔امیر لاہور نے مزید کہا کہ21 مئی سے شمالی، شرقی، وسطی، جنوبی اور غربی لاہور کی 10 مین شاہراؤں پر مردہ عالمی ضمیر کو جگانے اہل لاہور کے تاجر، طلبہ، وکلاء، اساتذہ، ڈاکٹرز، علماء کرام اور مزدوروں سمیت ہر مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی 

بڑی تعداد احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں شریک ہوگی۔  

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -