مجلس احرار جمعتہ المبارک کو فلسطین کی حمایت میں مظاہرے کریگی

    مجلس احرار جمعتہ المبارک کو فلسطین کی حمایت میں مظاہرے کریگی

  

لاہور (نمائندہ خصوصی) مجلس احرار اسلام پاکستان اور تحریک تحفظ ختم نبوت نے اعلان کیا ہے کہ وہ 21مئی جمعۃ المبارک کو فلسطینیوں اور پورے عالم اسلام کے حق میں پورے ملک میں مظاہرے کرے گی اور تمام جماعتوں کے احتجاجی مظاہروں میں شرکت بھی کرے گی۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے قائدین نے کہا ہے کہ فلسطین میں اسرائیل کی جارحیت پر مسلم ممالک کی خاموشی فلسطینیوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ مجلس احرار اسلام پاکستان کے امیر مرکزیہ سید محمد کفیل بخاری، سیکرٹری جنرل عبداللطیف خالد چیمہ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد اویس نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مجلس احرار اسلام پاکستان فلسطین پر اسرائیل کی جارحیت کی پر زور مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر عید کے دنوں میں ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے گئے جب کہ بچوں سمیت سینکڑوں بے گناہ مسلمانوں کو شہید کیا گیا۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ حکمران جلد سے جلد کوئی ٹھوس اقدام کرکے فلسطینیوں اور کشمیریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کا انتظام کریں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -