بارسلونا نے یوئیفا ویمنز چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیت لیا

بارسلونا نے یوئیفا ویمنز چیمپئنز لیگ کا ٹائٹل جیت لیا

  

سٹاک ہوم (اے پی پی) بارسلونا نے یوئیفا ویمنز چیمپئنز لیگ کے فائنل میں چیلسی کو 0-4 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ اس طرح ہسپانوی کلب بارسلونا مرد و خواتین چیمپئنز لیگ جیتنے والا پہلا کلب بن گیا ہے۔ یوئیفا ویمنز چیمپئنز لیگ کے 20 ویں ایڈیشن کا فائنل گاملہ الوی سٹیڈیم، گوتھنبرگ میں کھیلا گیا جس میں بارسلونا نے چیلسی کو بآسانی 0-4 سے شکست دی اور پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فاتح ٹیم نے چاروں گول پہلے ہاف میں کئے۔ چیلسی ویمنز کا آغاز مایوس کن تھا اور پہلے ہی منٹ میں لیوپوز نے اون گول کر کے بارسلونا کی برتری دلا دی۔ بارسلونا کی طرف سے دوسرا گول الیگزا پٹیلاس نے 14 ویں، تیسرا گول مونمیٹی نے 20 ویں اور چوتھا گول کیرولین گراہم ہینسن نے 36 ویں منٹ میں کیا۔

 دوسرے ہاف میں دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔ اس طرح بارسلونا نے 0-4 سے کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ ویمنز چیمپئنز لیگ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ بارسلونا نے یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -