کورونا ویکسین سنٹرز میں سہولیات کا فقدان، پانی دستیاب نہ نشستیں میسر

کورونا ویکسین سنٹرز میں سہولیات کا فقدان، پانی دستیاب نہ نشستیں میسر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(انور کھرل) کورونا کے پھیلاؤ اور گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ساتھ صوبائی دارالحکومت میں قائم ویکسی نیشن مراکز پر سہولیات کی کم یابی نے بزرگوں، خواتین سمیت شہریوں کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ ویکسی نیشن کروانے آنے والے خواتین و حضرات رش بڑھنے پر بیٹھنے کے لئے نشستیں کم پڑگئیں، جبکہ پینے کا پانی تک دستیاب نہیں۔ تفصیلات کے مطابق عیدالفطر کی تعطیلات ختم ہوتے ہی صوبائی دارالحکومت میں قائم ویکسی نیشن مراکز پر ویکسی نیشن کروانے والے شہریوں کا رش بڑھ گیا۔ گزشتہ اتوار اورپیر کے دنوں میں شہریوں کی بڑی تعداد ویکسی نیشن مراکز کا رخ کیا۔صوبائی دارالحکومت کے اہم اور بڑے ویکسی نیشن مراکز جن میں ایکسپو سنٹر مرکز، پی کے ایل آئی، میو ہسپتال، سروسز ہسپتال، جنرل ہسپتال کے ویکسی نیشن مراکز پر شہریوں کا رش بڑھ گیا۔ایکسپو اور پی اے ایل آئی ویکسی نیشن مراکز میں شہریوں کا رش بڑھنے پر وہاں پر لگائی گئی نشستیں (کرسیاں) بھی کم پڑ گئیں۔ لوگوں کو بیٹھنے کے لئے جگہ نہ ملنے پر ویکسی نیشن کے لئے کھڑے ہو کر انتظارکرنا پڑا۔اس موقع پر یہ بھی دیکھنے میں آیا کہ ویکسی نیشن مراکز پرپینے کا پانی تک دستیاب نہ تھا جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں شہزاد، ثاقب زیب، آفتاب حیدر، قیصر محمود، یحییٰ خان، محمد نوید، محمد عرفان، مولوی عابد حسین، سید ذاکر علی شاہ، نوشیر خان، خرم شہزاد اور پیر محمد و دیگر کا کہنا ہے کہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن لگوانے کیلئے ویکسی نیشن سنٹرز تو قائم کر دئیے گئے ہیں مگر یہاں پر بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ شدید گرمی میں دور دراز سے آئے ہیں اور یہاں بیٹھنے کے لئے کرسیاں کم پڑ گئی ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ شدید گرمی میں پیاس مٹانے کیلئے پینے کا پانی تک دستیاب نہیں ہے۔ پانی کا پوچھا جائے تو جواب ملتا ہے کہ اپنا پانی ساتھ لے کر آئیں۔دوسری جانب کورونا ویکسین کی دوسری ڈوز لگوانے کے لئے آنے والے شہریوں نے موبائل پر ملنے والے غلط پیغامات کا بھی رونا روتے ہوئے کہا کہ پیغام ملنے پر دوسری ڈوز لگوانے آئے ہیں مگر کمپیوٹر پر رجسٹریشن ظاہر نہ ہونے پر ویکسی نیشن کروائے بغیر ہی مایوس گھروں کو جانے پر مجبور ہیں۔ اس حوالے سے سیکرٹری ہیلتھ سپیشلائز نبیل احمد اعوان کا کہنا ہے کہ کمپیوٹر میں فنی خرابی کے باعث شہریوں کو غلط پیغامات موصول ہوئے مگر اب اسے درست کر لیا گیا ہے اور اس کے ساتھ اب پیغام ملنے کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا بلکہ شہری اپنا شناختی کارڈ لے کر کسی بھی ویکسی نیشن سنٹر پر جا کر رجسٹریشن کروائیں اور ساتھ ہی ویکسی نیشن کروائیں۔ سیکرٹری ہیلتھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویکسی نیشن سنٹروں پر ویکسی نیشن لگانے کے اوقات کو بڑھا دیا گیا جو پہلے صبح 8سے شام 8بجے تھا لیکن اب ویکسی نیشن لگانے کے اوقات کو 24 گھنٹے کے لئے کر دیا گیا ہے اور اب شہری بغیر کسی رش اور انتظار کے ویکسی نیشن کروا سکیں گے۔
کوروناویکسین سنٹرز

مزید :

صفحہ اول -