حکومت اداروں کیساتھ،سارے وائرسز کی ویکسین قانون کی سرنج سے لگائینگے: فردو س عاشق

حکومت اداروں کیساتھ،سارے وائرسز کی ویکسین قانون کی سرنج سے لگائینگے: فردو س ...

  

 لاہور (نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق نے کہا کہ وزیراعلی سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر کورونا کیخلاف جنگ کے محاذ پر لڑنیوالے صحافت کے شعبے سے تعلق رکھنے والے فرنٹ لائن ورکرز کی ویکسی نیشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈاکٹرز اورپیرا میڈیکل سٹاف کے بعد صحافی ایسے ورکرز ہیں جنہوں نے وبا کے دوران اگلی صفوں میں رہ کر عوام تک حقائق پہنچائے۔ویکسی نیشن سنٹرز،کورونا وارڈ اور ہسپتالوں کی کوریج میں صحافیوں نے اپنی جانیں خطروں میں ڈال کرپیشہ وارانہ کردار ادا کیا۔حکومت نے ان کی جانوں کے تحفظ کے لئے عملی اقدام اٹھاتے ہوئے لاہور پریس کلب میں ویکسی نیشن کے عمل کا باقاعدہ آغاز کیا ہے۔ویکسی نیشن کے دائرہ کارکو پنجاب کے دوسرے پریس کلبز تک پھیلایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار فردوس عاشق نے لاہور پریس کلب میں قائم کئے گئے کرونا ویکسی نیشن کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان اور صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری و دیگرصحافی موجود تھے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے خود بھی خواتین صحافیوں سمیت متعدد صحافیوں کو ویکسینیشن کے انجکشن لگائے۔معاون خصوصی نے کہا کہ ڈان لیکس ہو یا کوئی اور کیس شریف خاندان نے سیاسی مفادات کے لئے اداروں کو متنازعہ بنایا۔تاریخ خود گواہ ہے کہ وہ غدار خاندان کونسا ہے جس نے ذاتی مفادات کو ریاستی مفادات پرترجیح دی۔حکومت اپنے اداروں کے پیچھے کھڑی ہے۔شاہی خاندان کا علاج قانون کی طاقت سے جاری رہے گا۔ایک اور سوال کے جواب نے انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوز مافیاز نے عید کے دنوں میں پولٹری کی قلت پیدا کی۔ سارے وائرسز کی ویکسین حکومت قانون کی سرنج سے لگائے گی اور جس کو جتنی خوراک درکار ہے اس کو اتنی لگائی جارہی ہے۔تمام وائرسز کا علاج معالجہ وزیراعظم عمران خان قانون کی بالادستی کو یقینی بنا کر کریں گے۔

فردوس عاشق

مزید :

صفحہ اول -