کاروبار حیات کاپہیہ پھر چل پڑا، دفاتر بھی کھل گئے، کورونا سے مزید 74اموات3232نئے مریض رپورٹ

      کاروبار حیات کاپہیہ پھر چل پڑا، دفاتر بھی کھل گئے، کورونا سے مزید ...

  

 اسلام آباد،لاہور،کراچی، پشاور،کوئٹہ،(سٹاف رپورٹر،لیڈی رپورٹر،بیورورپورٹس) کورونا وباء سے بچاؤ کیلئے ملک میں لگا لاک ڈاؤن ختم ہو گیاجس کے بعد کاروباری زندگی ایک بار پھر رواں دواں ہو گئی۔ مارکیٹیں،دفاتر کھل گئے، کاروبار حیات کا پہیہ ایک مرتبہ پھر چل پڑا۔ ما ر کیٹیں،دکانیں رات 8 بجے تک کھلی رہیں گی۔لاہور میں تجارتی سرگرمیوں کا آغا ز ہوگیا، تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں کھل گئیں۔ کاروباری طبقہ خوش ہے، شہریوں نے بھی بازاروں کا رخ کیا، تاہم کورونا ایس او پیز پر مکمل طور پر عملدرآمد دکھائی نہ دیا۔فیصل آباد میں بھی بازار اور دفاتر کھل گئے، کاروباری سرگرمیوں کا آغاز ہوگیا، تاہم شہر میں کورونا ایس اوپیز پر مکمل عمل درآمد نہ کیا گیا۔جڑواں شہروں اسلام آباد اور را و لپنڈی میں بھی کاروبار کا آ غاز ہو گیا۔ دونوں شہروں کے بند تجارتی مراکز کھل گئے جبکہ سرکاری اور نجی دفاتر میں بھی کام کا آغاز ہو گیا۔سندھ حکومت نے بھی این سی او سی کے فیصلے کی تو ثیق کر دی، مارکیٹیں کھل گئیں اور ٹرانسپورٹ بھی سٹرکوں پر رواں دواں ہے، تاہم وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے اگر ایس او پیز پر عمل نہ کیا گیا تو سخت فیصلے کریں گے۔پشاور سمیت خیبر پختونخوا میں کورونا کے باعث لگنے والا لاک ڈاؤن ختم ہوا تو صوبہ بھر میں کاروباری مراکز، پبلک ٹرانسپورٹ، شاپنگ مالز اور دفاترکھل گئے، تاہم بازاروں کے اوقات کار تبدیل ہو گئے ہیں۔کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں کاروباری مراکز کھل گئے ہیں، سرکاری و نجی دفاتر بھی کھل گئے، تاہم دفاتر میں حکومتی احکامات کے پیش نظر 50 فیصد عملے کیساتھ کام ہوگا۔دوسری طرف گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے 74 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 19 ہزار 617 ہوگئی۔ 3 ہزار 232 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 8 لاکھ 80 ہزار 362 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق عالمی وباء کے آغاز سے گزشتہ روز تک پنجاب میں 3 لا کھ 27 ہزار 362، سندھ میں 2 لاکھ 99 ہزار 194، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 27 ہزار 38، بلوچستان میں 23 ہزار 866، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 423، اسلام آباد میں 79 ہزار 221 جبکہ آزاد کشمیر میں 18 ہزار 258 کیسز رپورٹ ہوئے،ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 24 لاکھ 80 ہزار 767  افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دور ا ن 36 ہزار 725 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 7 لاکھ 92 ہزار 522 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 443 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔پاکستان میں کورونا وباء سے مرنیوالوں کی تعداد 19 ہزار 617 ہوگئی، جن میں پنجاب میں 9 ہزار 411، سندھ میں 4 ہزار 801، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 786، اسلام آباد میں 731، بلوچستا ن میں 267، گلگت بلتستان میں 107 اور آزاد کشمیر میں 514 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

لاک ڈاؤن ختم 

مزید :

صفحہ اول -