اسرائیلی مظالم کیخلاف جنوبی افریقہ کے کئی شہروں میں مظاہرے 

 اسرائیلی مظالم کیخلاف جنوبی افریقہ کے کئی شہروں میں مظاہرے 

  

جوہانسبرگ(فہیم شبیر سے)غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری اور فلسطینیوں کے قتل عام پراحتجاج کا سلسلہ دنیا بھر میں پھیل گیا۔غزہ میں اسرائیلی بربریت کیخلاف جنوبی افریقہ کے کئی شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پریٹوریا میں مقامی کمیو نٹی نے اسرائیلی ہائی کمیشن کے سامنے بھر پور احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن نے بھی شرکت کی،مظاہرین نے بڑے بڑے کتبے اور بینر اٹھا رکھے تھے،جن پرمظلوم فلسطینیوں پر بمباری بند کرو کے نعرے درج تھے۔پورٹ الزبتھ میں بھی اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ دنیا مظلوم فلسطینیوں پر مظالم بند کروائے،پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور پورٹ الزبتھ یونٹ کی قیادت نے مظاہرے میں شرکت کی،کیپ ٹاؤن میں مسجد اقصٰی کی بے حرمتی اور فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے خلاف بھی مظاہرہ کیا گیا، نہتے شہریوں بچوں عورتوں کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن نے کہا کہ اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں کو فوری اسرائیلی مظالم پر اقدامات اٹھانے چاہئیں، پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے مرکزی سینئر ایڈوائزر میاں محمد رمضان  نے مظاہرے کو آرگنائز کیا تھا۔

احتجاجی مظاہرے 

مزید :

صفحہ آخر -