اسرائیلی جارحیت کا معاملہ اقوام متحد ہ، او آئی سی کے سامنے فوری اٹھا یاجائے: لاہور ہائیکورٹ بارایسوسی ایشن 

اسرائیلی جارحیت کا معاملہ اقوام متحد ہ، او آئی سی کے سامنے فوری اٹھا یاجائے: ...

  

لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کا معاملہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کے سامنے فوری طور پر اٹھانے کا مطالبہ کردیا یہ مطالبہ لاہورکے ورچوئیل جنرل ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں کیاگیا لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر محمد مقصود بٹر نے اس مجازی اجلاس کی صدارت کی جس میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایڈووکیٹ ڈاکٹر کلیم جاوید کی جانب سے پیش کی گئی جسے منظور کرلیاگیا،اجلاس کے شرکاء نے اس معاملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسرائیلی فورسز کی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کو خبردار کیا کہ وہ 1967 ء سے پہلے والی فلسطین کی حیثیت برقرار رکھے،اس اجلاس میں مزیدمطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ 1945 ء کے اپنے چارٹر (آرٹیکل51-39)اور انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ (UDHR) پر عمل کرے جس میں کسی کی طرف سے امن کی خلاف ورزی یا جارحیت کی کاروائی یا انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی صورت میں کاروائی کی ضمانت دی گئی اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ میٹنگ کی کارروائی تمام غیر ملکی سفارت خانوں کو ارسال کی جائے،اجلاس میں فلسطین کے مسئلے پر ہونے والے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ملتوی کرنے کے امریکہ کے عمل کی بھی مذمت کی گئی اورمطالبہ کیا گیاکہ او آئی سی، اپنے چارٹر کے آرٹیکل 1  (8) کے ذریعے، مسلم دنیا کو اس بھڑکتے ہوئے معاملے پر عملی اقدامات اٹھانے کیلئے آگے آئے اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان، او آئی سی کے چارٹر کے آرٹیکل 9کے تحت اس سلسلے میں اسلامی سربراہی اجلاس کا غیر معمولی اجلاس طلب کرے شرکاء نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اسرائیلی درندگی غزہ شہر سمیت فلسطین کے دیگر علاقوں میں پھیل گئی ہے جہاں بڑی تعداد میں شہری رہائش گاہوں اور عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا اور اسرائیلی طیاروں کے فضائی حملوں کے دوران سینکڑوں شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ بار کے ممبران نے یہ بھی افسوس کا اظہار کیا کہ او آئی سی نے فلسطین کے تحفظ کے لئے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا سوائے کچھ بیکار ملاقاتیں کرنے اور کاروائیوں کی محض مذمت کرنے کے،اجلاس میں خواجہ محسن عباس سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، میاں عبد القدوس ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، ظفر اقبال کلانوری ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، رانا اسد اللہ خاں ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، شمیم الرحمن ملک ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، میاں عرفان ملک ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نمایاں مقررین نے شرکت کی۔

ہائیکورٹ بار 

مزید :

صفحہ آخر -