غزہ پر بمباری، اسرائیل کو تسلیم کرنیوالے مسلم حکمران اپنا فیصلہ واپس لیں، سید ذیشان اختر
بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپوٹرر)نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب سید ذیشان اختر نے کہا ہے کہ فلسطین میں روزانہ انسانی المیے جنم لے رہے ہیں لیکن اقوام (بقیہ نمبر63صفحہ7پر)
متحدہ اور انسانی حقوق کے امریکی و یورپی علمبردار بہرے و گونگے بنے ہوئے ہیں۔ امت مسلمہ کو مظلوم فلسطینی قوم کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔ مسلم حکمران بیانات اور ٹویٹ سے آگے بڑھ کر غزہ کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے لائحہ عمل مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل عربوں کے سمندر میں ایک چھوٹا سا جزیرہ ہے اس کا یہ ظالمانہ کردار بے حس حکمرانوں اور بادشاہوں کی وجہ سے ہے۔ مسلم حکمران جنہوں نے اسرائیل کو تسلیم کیا ہے وہ اپنا فیصلہ واپس لیں۔ مسلم حکمران فلسطینیوں کے ساتھ غیر متزلزل حمایت اور ان کی پشت پناہی کا اعلان کیا جائے۔ وزیراعظم عمران خان آپ تقریروں، پریس کانفرنسوں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ قبلہ اول پوری امت کا مسئلہ ہے، اور پاکستانی قوم قائداعظم کے فرمان کی روشنی میں ہمیشہ اس کی حمایت کرتی آئی ہے، آج بھی قوم اس ایشو پر ایک پیج پر ہے۔ضروری ہے کہ پاکستان موجودہ صورتحال میں قائدانہ کردار ادا کرے۔ ترکی، سعودی عرب اور دیگر مسلم ممالک سے رابطہ کرکے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعہ 21 مئی کو مسجد اقصی کی بے حرمتی اور غزہ میں اسرائیلی حملوں کے خلاف ملک گیر مظاہرے کیے جائیں گے۔ اپنے اپنے شہروں میں ان کا حصہ بنیں، قبلہ اول کے تحفظ کا فریضہ انجام دینے والے نہتے مظلوم فلسطینیوں کو امید دلائیں کہ امت مسلمہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
ذیشان اختر