باولر محمد حسنین کے مداحوں کے لیے اچھی خبر
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)قومی ٹیم کے فاسٹ باولر محمد حسنین کے مداحوں کیلئے خوشخبری ہے کہ انہوں نے بائیو مکینک ٹیسٹ پاس کر لیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد حسنین کا گذشتہ ہفتے لاہور کی لمز یونیورسٹی میں بائیو مکینک ٹیسٹ لیا گیا تھا، جہاں انہوں نے اپنا پہلا ٹیسٹ پاس کر لیا تھا، تاہم دوسرے ٹیسٹ کا نتیجہ ابھی نہیں آیا۔
واضح رہے کہ محمد حسنین کے باولنگ ایکشن کو ٹھیک کرنے کے لئے پی سی بی نے کوچ عمر رشید کی ذمہ داری لگائی تھی، جنہوں نے نوجوان بائولر کا ایکشن تبدیل کروایا جس سے ان کو بائیو مکینک ٹیسٹ پاس کرنے میں مدد ملی۔محمد حسنین نے اب تک پاکستان کی طرف سے آٹھ ون ڈے انٹرنیشنل اور اٹھارہ ٹی ٹونٹی میچوں میں مجموعی طور پر انتیس وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ پاکستان سپر لیگ، لنکن پریمئیر لیگ، کیریبین پریمیئر لیگ اور بگ بیش میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔ بگ بیش کے گذشتہ سیزن میں ہی محمد حسنین کے بائولنگ ایکشن پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔