ایف بی آر نے شہریوں کو فراڈ سے بچنے کی وارننگ دے دی، یہ فراڈ ہو کس طرح رہا ہے؟
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)نے اپنے ہی ہیڈکوارٹرز سے شہریوں کو موصول ہونے والی فراڈ فون کالز کے متعلق وارننگ دے دی۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق ایف بی آر کی طرف سے جاری ایک سرکلر میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو فراڈ فون کالز کی جاتی ہیں جن میں کال کرنے والا ایف بی آر کے سینئر عہدیدار کے طور پر اپنا تعارف کراتا ہے۔ ایسی تمام کالز فراڈ ہوتی ہیں۔
ایف بی آر کے ملازمین اور آفیسرز کے لیے جاری کیے گئے اس وضاحتی سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ”ان فراڈ فون کالز میں شہریوں سے ناحق مطالبات اور فرمائشیں کی جاتی ہیں۔ آفیسرز اور عہدیدار ایسی کالز کے حوالے سے چوکنا رہیں اور اگر کسی کو ملوث پائیں تو اس کے متعلق ایف آئی اے کو مطلع کریں۔ ادارے کے جو لوگ بھی ان فراڈ فون کالز میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔“