دولہا کے شراب کے نشے میں دھت ہو نے پر دلہن والوں نے لڑکی کی شادی کسی اور سے کردی
نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں بارات تاخیر سے آنے اور دولہا کے شراب کے نشے میں دھت ہو کر دوستوں کے ساتھ ڈانس میں مصروف رہنے پر دلہن والوں نے شادی سے انکار کر دیا اور لڑکی شادی میں آئے ایک اور شخص کے ساتھ بیاہ دی۔ انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ ریاست راجستھان کے ضلع چھورو کے ایک گاﺅں میں پیش آیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ سنیل نامی دولہا کی بارات ساتھ والے گاﺅں سے آنی تھی، جو مہورت کا وقت نکل جانے کے بعد دلہن کے گھر پہنچی۔ دولہا اور اس کے دوستوں نے بہت زیادہ شراب پی رکھی تھی اور دلہن کے گھر پہنچ کر بھی وہ شادی کی رسومات شروع کرنے کی بجائے گھنٹوں ڈانس میں ہی مصروف رہے۔
دولہا اور اس کے دوستوں کی یہ حالت دیکھ کر دلہن اور اس کے گھر والے اس قدر برانگیختہ ہوئے کہ انہوں نے شادی سے انکار کر دیا۔ مشتعل دلہن نے جب اس شرابی دولہا کے ساتھ شادی سے انکار کیا تو اس کے گھر والوں نے وہیں شادی میں آئے ایک شخص کے ساتھ اس کی شادی کی فیصلہ کر لیا جس پر دلہن بھی رضامند ہو گئی اور اس کی شادی اس مہمان کے ساتھ کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق دولہا والوں نے بارات خالی موڑنے پر دلہن اور اس کی فیملی کے خلاف پولیس کو رپورٹ درج کرا دی تاہم دلہن والوں نے پولیس کو بتایا کہ دولہا والوں کا رویہ شادی کے دن ہی اتنا برا تھا کہ وہ خوفزدہ ہو گئے تھے کہ وہ ان کی بیٹی کے ساتھ مستقبل میں کیا سلوک کریں گے۔