سری لنکا میں پرتشدد ہنگامے کرانے کا الزام ،حکمران جماعت کے دو اراکین اسمبلی گرفتار
کولمبو(مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا میں پولیس نے پرتشدد ہنگامے کرانے کے الزام میں حکمران جماعت کے دو اراکین اسمبلی کو گرفتار کر لیا۔ ڈیلی ڈان کے مطابق گرفتار ہونے والے دونوں اراکین اسمبلی کا تعلق صدر گوٹابایا راجاپکسا کی پارٹی سے ہے۔ پولیس کے مطابق ان دونوں نے مبینہ طور پر لوگوں کو پرتشدد کارروائیوں پر اکسایا، جس کے نتیجے میں کئی دن سے ملک گیر ہنگامے جاری ہیں جن میں اب تک 9لوگ موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔
ایک پولیس آفیسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سری لنکن میڈیا کو بتایا ہے کہ دونوں اراکین پارلیمنٹ کے خلاف براہ راست ثبوت پولیس کے ہاتھ لگے ہیں، جن کی بناءپر انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان اراکین کے نام سناتھ نشانتھا اور میلان جیاتھیلیک ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں خونریز ہنگاموں کے بعد وزیراعظم مہندا راجاپکسا اور ان کے بیٹے نیمل سمیت 22سیاستدانوں کے پاسپورٹ ضبط کیے گئے تھے ان میں یہ دونوں اراکین بھی شامل تھے۔
واضح رہے کہ ان تمام لوگوں پر الزامات ہیں کہ انہوں نے بیرونی شہروں سے بسیں بھر کر اپنے لوگ دارالحکومت کولمبو بلائے جن کی حکومت کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والے شہریوں کے ساتھ مڈبھیڑ ہو گئی اور یہ احتجاج پرتشددہنگاموں میں بدل گیا۔