حکومت، اپوزیشن ایک ہی روز انتخابات کیلئے مذاکرات شروع کریں: پلڈاٹ

    حکومت، اپوزیشن ایک ہی روز انتخابات کیلئے مذاکرات شروع کریں: پلڈاٹ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


          لاہور (پ ر) پلڈاٹ نے پاکستان میں ایک ہی دن آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کے انعقاد پر سیاسی تعطل کے حل کی حمایت کرنے پر سپریم کورٹ کے مسلسل موقف کو سراہا ہے۔ اتحادی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف دونوں پر زور دیتے ہوئے، پلڈاٹ نے پاکستان میں ایک ہی تاریخ کو عام انتخابات کے انعقاد پر حتمی شکل دینے کیلئے نتیجہ خیز سیاسی مذاکرات کی بحالی کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔ پلڈاٹ نے اصرار کیا کہ پاکستان کا آئین قانون کی حکمرانی کے تحت اچھی طرح سے کام کرنے والے پاکستان کی واحد ضمانت فراہم کرتا ہے اور ریاست کی تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو آئین کا احترام اور اس پر عمل پیرا ہونا چاہیے۔اپنے اس مضبوط موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہ پاکستان کی مسلح افواج پاکستان کے سیاسی عمل میں نہ کوئی کردار ادا کر سکتی ہیں اور نہ ہی ان کا کوئی کردار ہونا چاہیے، پلڈاٹ نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ایک آئینی ادارے کے طور پر ان کے احترام اور سالمیت کا تمام شہریوں کو خیال رکھنا چاہیے۔ آئین کو برقرار رکھنے کے جذبے کے تحت، پلڈاٹ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریاست کے کسی بھی ادارے، چاہے وہ پارلیمنٹ، عدلیہ، یا الیکشن کمیشن آف پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی یکساں الفاظ میں مذمت کی جانی چاہیے۔قانون کی حکمرانی پر پختہ یقین رکھنے والے پاکستانی شہریوں کی تنظیم کے طور پر پلڈاٹ 09 مئی کو پاکستان کی مسلح افواج کے اہلکاروں اور تنصیبات اور دیگر سرکاری اور نجی املاک کے خلاف اکسائے گئے اور کیے گئے واقعات کے تمام مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ جبکہ PILDAT ایک آزاد اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی حمایت کرتا ہے اس نے عام شہریوں پر مقدمہ چلانے کے لیے فوجی عدالتوں کے استعمال کے خلاف خبردار کیا ہے۔09 مئی کو چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے انداز کی مذمت کرتے ہوئے، پلڈاٹ نے گرفتاری کے وارنٹ پر عملدرآمد کرتے ہوئے IHC احاطے میں طاقت کے غیر قانونی استعمال کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کی حکمرانی کے مساوی اطلاق کی ضرورت پر زور دیا ہے جسے سپریم کورٹ نے  'غلط اور غیر قانونی'قرار دیا ہے۔ملک کو مزید افراتفری میں ڈالنے  سے  قیمتی وقت  ضائع کیے بغیر  وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی کی ذمہ داری ہے کہ وہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے آزادانہ اور منصفانہ عام انتخابات کا انعقاد ایک ہی  دن انعقاد یقینی بنانے کیلئے مذاکرات کا دوبارہ آغاز کرے۔