9مئی کے واقعات افسوسناک اورا نتہائی قابل مذمت ہیں، جہانگیر ترین

9مئی کے واقعات افسوسناک اورا نتہائی قابل مذمت ہیں، جہانگیر ترین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(نمائندہ خصوصی) سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ9 مئی کے واقعات پر انتہائی افسوس ہوا ہے اور یہ انتہائی قابل مذمت ہیں، نواز شریف اور محترمہ بینظیربھٹو کو سزائیں ملیں لیکن انہوں نے کبھی ایسا نہیں کیا،ایک بڑے مقصد کے لئے جہاز لے کر نکلا تھا، کوشش تھی کہ نیا پاکستان بنے جہاں غریب کی آواز سنی جائے، آنے والی نسلوں کا مستقبل بہتر ہو لیکن افسوس وہ کوششیں آج یہاں پہنچی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسحاق خاکوانی، عون چوہدری اور دیگر کے ہمراہ جناح ہاؤس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیاسی رہنماؤں نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا اور شر پسندوں کی جانب سے توڑ پھوڑ،آگ لگانے کے واقعہ کی شدید مذمت کی۔ جہانگیر خان ترین اور سیاسی رہنماؤں نے اس موقع پر پاک فوج سے بھی یکجہتی کا اظہار کیا۔عمران خان کی جانب سے ان واقعات کی مذمت نہ کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان سے سے سیاسی وابستگی اوردوستی تھی جو دو سال پہلے ختم ہو چکی ہے اس کی اپنی وجوہات تھیں۔امید ہے لوگ سبق سیکھیں گے اوراس طرح کی حرکت دوبارہ کبھی نہیں ہوں گی۔انہوں نے تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ میں اس پر کوئی رائے نہیں دے سکتا لیکن اس طرح کے اقدامات پر سو فیصد پابندی ہونی چاہیے، تشدد پر پابندی ہونی چاہیے، ا س واقعہ کے لوگ  کیفر کردار تک پہنچیں گے تو یہ دوبارہ نہیں ہو گی،جہانگیر ترین نے کہا کہ کوئی نہ بھولے کہ پاکستان کی افواج کا کیا کردار ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو بارڈر پر کھڑے ہو کر ہماری حفاظت کے لئے سب سے پہلے اپنا سینہ آگے کرتے ہیں، یہ ہر وقت بارڈر پر پاکستان کی حفاظت کے لئے کھڑے ہوتے ہیں، اپنی  زندگیوں کو کو خطرے میں ڈالتے ہیں،پاکستان کی افواج ہی ہیں جو پاکستان کے دشموں سے ہماری حفاظت کر رہی ہیں،امید ہے جن لوگوں نے یہ کیا ہے انہیں شرم دلوائی جائے گی۔ 
جہانگیر ترین