سڑک پر نکلنے سے پہلے یہ خبر ضرور پڑھ لیں، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر نئے جرمانوں کا اعلان کردیا گیا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور سٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر نئے جرمانوں کا اعلان کر دیا۔ نیوز ویب سائٹ’پروپاکستانی‘ کے مطابق پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور مستنصر فیروز کی سربراہی میں ہونے والی ایک میٹنگ میں نئے جرمانوں بارے فیصلہ کیا گیا ہے جن کے تحت اب گاڑی غلط پارک کرنے یا غلط سمت میں گاڑی چلانے پر 2ہزار روپے کا چالان ہوا کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق اس میٹنگ میں لاہور کے تمام ٹریفک سرکل آفیسرز، سیکٹر انچارج اور وارڈنز شریک تھے۔ میٹنگ میں سی ٹی او نے کہا کہ غلط اور غیرقانونی پارکنگ کے خلاف اب صفر برداشت کی پالیسی اپنائی جائے گی اور شہر بھر میں غلط پارکنگ، غلط سمت میں گاڑی چلانے والوں اور سڑکوں کے کنارے تجاوزات کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا جائے گا۔