آن لائن جاب پورٹل:عوام دوست منصوبہ
روزگار کا حصول ہر انسان کا بنیادی حق ہے ۔ ذرائع آمدن کے بغیر نہ تو کسی حکومت کا نظم نسق چل سکتا ہے اور نہ ہی کسی گھر کا نظام۔بے روزگار افراد کو جہاں روزگار کی تلاش میں دربدربھٹکنا پڑتا ہے، وہیں مطلوبہ تعلیمی قابلیت اور تجربے کے حامل ہنر مند افراد کی تلاش بھی صنعتی و تجارتی اداروں کے مالکان کے لئے ایک دردسر رہاہے۔ ہنر مند نوجوانوں کو روزگار کے مواقع سے آگاہ رکھنے کے لئے پنجاب حکومت مختلف اقدامات پر عمل پیرا رہی ہے۔ پنجاب حکومت صوبے کے بے روزگار نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی کے لئے ٹھوس منصوبندی کررہی ہے۔ پنجاب یوتھ گروتھ سٹرٹیجی 2018ء کے تحت صوبے کے 20لاکھ نوجوانوں کو مختلف مراحل میں جدید ہنر پر مبنی فنی تربیت فراہم کر کے اندورن و بیرون ملک صنعتی و تجارتی شعبوں میں روزگار کی فراہمی کا منصوبہ شروع کیا گیاہے، جس کے تحت ٹیوٹا ، پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ اور پنجاب ووکیشنل اینڈ ٹریننگ کونسل سمیت مختلف فنی تربیت فراہم کرنے والے ادارے پنجاب کے نوجوانوں کو صنعتی اداروں کی ضروریات کے مطابق جدید فنی تربیت فراہم کررہے ہیں۔
فنی تربیت مکمل کرنے والے ہنر مند افراد کے لئے روزگار کا حصول آسان بنانے کی غرض سے حکومت پنجاب نے ایک اور عوام دوست منصوبہ آن لائن جاب پورٹل کا آغاز ہے۔ محکمہ لیبر و انسانی وسائل حکومت پنجاب کے زیر اہتمام یہ ایک فری کرئیر ویب سائٹ ہے جو قابل ، محنتی اور ہنر مند افراد کے متلاشی صنعتی و تجارتی اداروں اور ملازمت یا بہتر مواقع کے خواہاں افراد کو ایک دوسرے تک آسان رسائی فراہم کرتی ہے۔ یہ منصوبہ لیبر مارکیٹ اینڈ ریسورس سنٹر پنجاب کے قیام کے منصوبے کا حصہ ہے جس کی لاگت 65.272ملین روپے ہے۔ لیبر مارکیٹ اینڈ ریسورس سنٹر کا قیام 2011ء میں محکمہ لیبر و انسانی وسائل میں عمل میں لایا گیا ۔منصوبے کا مقصد لیبر مارکیٹ ڈیٹا کو اکٹھا کرنا ، اس کے تجزیے اور معلومات کے تبادلے کے ذریعے ریسرچ کو فروغ دینا، مارکیٹ کے رجحانات کے مطابق مختلف شعبوں میں مارکیٹ کے حوالے سے معلومات اکٹھی کرنا ، انفراسٹرکچر اور آئی ٹی سہولتوں کی فراہمی ،نیز روزگار پر مبنی معلومات کی باقاعدگی سے تشہیر ، تمام ہنر مند افراد تک رسائی کو بڑھانا ، لیبر مارکیٹ کے حوالے سے مفت اپ ڈیٹ معلومات کی فراہمی، کیرئیرکونسلنگ سمیت ، انفراسٹرکچر پلاننگ بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ ملازمت کے ٹرینڈبارے معلومات دینا، نئے ابھرتے ہوئے انڈسٹریل وکمرشل سیکٹر اور مستقبل میں ضروری ہنر و فنون بارے لوگوں کو آگاہ کرنا ،روزگار تلاش کرنے والوں اور صنعتی و تجارتی مالکان کو فری آن لائن جاب پورٹل کے ذریعے ویب سائٹ تک رسائی حاصل کرنا وغیرہ شامل ہیں۔
مزید برآں مارکیٹ کے ٹرینڈکے بارے میں آگاہی اور مستقبل کی پیشہ ورانہ ضروریات کو مدنظر رکھا جارہا ہے ۔ یہ جاب پورٹل اپنی کرئیر ویب سائٹ کے ذریعے ملازمت کے خواہاں افراد اور مالکان کو وہ تمام ضروری معلومات فراہم کرتا ہے جس کا تعلق روزگار کے مواقع سے ہے۔ صنعتی و تجارتی اداروں کے مالکان اس جاب پورٹل کے ممبر بن کر اپنے اداروں میں موجود روزگار کے مواقع اور متعلقہ ضروری معلومات کی مفت تشہیر کرسکتے ہیں، جبکہ ملازمت تلاش کرنے والے ہنر مند افراد اس جاب پورٹل کے ذریعے ملازمت کے ہزاروں مواقعوں کے بارے میں تمام تفصیلات سے صرف ایک بٹن دبا کر فوری آگاہی حاصل کرسکتے ہیں،آن لائن طریقے سے اپنی تعلیمی قابلیت ، تجربے اور دیگر تفصیلات کوملازمت کے حصول کے لئے اس پورٹل پراپ ڈیٹ کر سکتے ہیں۔ یہ جاب پورٹل خودکار طریقے سے صنعتی و تجارتی اداروں کو ان کی ضرورت کے مطابق متعلقہ شخص تک باآسانی رسائی فراہم کرتاہے ،اس طرح نہ صرف وقت کی بچت ہوتی ہے، بلکہ ہزاروں ملازمت کے خواہاں ہنر مند نوجوان روزگار کی تلاش کے لئے مارے مارے پھرنے سے بھی بچ جاتے ہیں۔
جاب پورٹل کے ذریعے لیبر مارکیٹ میں ہونے والی نئی پیش رفت بارے آگاہی بھی حاصل ہوتی ہے اور نوجوان مقامی ، قومی اور بین الاقوامی اداروں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں میں اپنے قابلیت کے مطابق روزگار کے مواقع نسبتاً کم وقت میں تلاش کرسکتے ہیں۔اس جاب پورٹل کے ذریعے ملازمت کے متلاشی ممبرافراد باقاعدگی سے جاب پورٹل پر ملازمت کے نئے پیدا ہونے والے مواقع کے بارے میں تمام پیش رفت سے ہمہ وقت آگاہ رہ سکتے ہیں۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کے ذریعے صنعتی و تجارتی اداروں کے مالکان نہایت کم وقت میں خالصتاً میرٹ پر مطلوبہ قابلیت کے حامل شخص کو فوری طور پر تلاش کرسکتے ہیں۔ جاب پورٹل میں مطلوبہ شعبے ، کیٹگری ، کیرئیر لیول ، جاب کی اقسام اور ریجن بارے تمام معلومات فراہم ہوتی ہیں ۔ سینکڑوں کمپنیاں ایک ہی جگہ بیٹھ کر اس ویب سائٹ کے ذریعے ایک دوسرے سے منسلک ہوجاتی ہیں ۔ لیبر مارکیٹ انفارمیشن اینڈ ریسورس سنٹر کا یہ جاب پورٹل اب فنکشنل ہوچکاہے اور اس کا پروفائل تمام مقبول سوشل میڈیا کی اشکال، یعنی فیس بک ،ٹویٹر، گوگل وغیرہ پر دستیاب ہے، جہاں ملازمت کے مواقعوں اورمارکیٹ ٹرینڈ کی باقاعدگی سے تشہیر کی جاتی ہے۔ ملازمت کے متلاشی افراد اور صنعتی و تجارتی مالکان ہنر مند افراد کی تلاش اور ملازمت کے مواقع کے لئے درجہ ذیل ویب سائٹ کے ذریعے ایک دوسرے تک آسان رسائی حاصل کرسکتے ہیں: www.punjablabour.gov.pk/jobs,
www.facebook.com/ punjablabourjobportal
twitter.com/punjablabour
صنعتی و تجارتی ادارے ان ویب سائٹ پر بآسانی اپنی رجسٹریشن کر سکتے ہیں، خالی آسامیاں مشتہر کرسکتے ہیں اور اپنی ضرورت کے مطابق تعلیم یافتہ اور ہنر مند موزوں افراد کا انتخاب کرسکتے ہیں، جبکہ ہنر مند ، پڑھے لکھے اور بے روزگار افراد آسان طریقہ کار سے اکاؤنٹ بنا کر اپنے کوائف مذکورہ ویب سائٹس پر آن لائن پوسٹ کر کے اپنی پسندکے مطابق ملازمت تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں،اس کے لئے انہیں محض اپنا اکاؤنٹ بنانا ہوگا ، ملازمت بارے تمام مطلوبہ معلومات ڈیٹا بینک میں اپ ڈیٹ کرنا ہوں گی جس کے بعد صرف ایک بٹن دبانے سے ملازمت کے تمام دستیاب مواقع سامنے آجائیں گے۔۔۔ علاوہ ازیں حکومت پنجاب نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے 6ماہ پر محیط شارٹ ٹرم اقدامات کے ذریعے جدید فنی تربیت ،روزگار کی فراہمی اورسرکاری تعلیمی اداروں میں ٹیکنیکل کورسز کے اجراء کو حتمی شکل دے رہی ہے ،جسے رول ماڈل بنا کر 4سال میں 20لاکھ نوجوانوں کو ہنر مند لیبر فورس میں شامل کیا جائے گا۔صوبے بھر کے فنی تربیت کے اداروں کی تنظیم نو ، نصاب کو جدید ضروریات سے ہم آہنگ کرنے اور تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پراقدامات بھی کئے جارہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے ویژن کے مطابق اگلے چار سال میں 20 لاکھ نوجوانوں پر مشتمل ہنر مند افرادی قوت کی تشکیل کے لئے صوبہ پنجاب کے پبلک سیکٹر میں قائم فنی تربیت کے اداروں کے نصاب ، تربیتی طریقہ کار اور انتظامی امور کی اپ گریڈیشن کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔ آئندہ 6ماہ میں 15ہزار لیڈی ہیلتھ ورکرز کو سکل ڈویلپمنٹ کے تحت تربیت فراہم کرنے کا بھی پروگرام ہے، جبکہ سرکاری سکولوں میں شام کے اوقات میں طالب علموں کو پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے ذریعے ہنر کی تربیت فراہم کی جائے گی۔ متحدہ عرب امارات، قطرو دیگر خلیجی ممالک میں پاکستانی ہنر مند لیبر فورس کی ڈیمانڈ پوری کرنے کے لئے نوجوانوں کو شارٹ کورسز کروائے جائیں گے۔ اس مالی سال2015-16ء میں پنجاب کے مختلف ٹیکنیکل ٹریننگ کے اداروں کے ذریعے 5لاکھ 50ہزار نوجوانوں کو مختلف ہنر سکھائے جائیں گے، جبکہ استعداد کار ، معیار اور مناسب گورننس سسٹم کے ذریعے لیبر ایکسپورٹ میں بھی اضافے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ صنعتی و معاشی ترقی کے لئے ڈیمانڈ کے مطابق ہنر مند افرادی قوت، مقابلے کے رحجان پر مبنی جدید فنی تربیت کی فراہمی اور سنٹرل آف ایکسیلینس کے قیام کے علاوہ ہنر مند خواتین کی تعداد میں اضافے ، پالیسی میکنگ اور مقامی و بین الاقوامی مارکیٹ میں پاکستانی ہنر مند افراد کی کھپت میں اضافے کے لئے سکلڈ ڈویلپمنٹ سیکٹوریل پلان 2015-18ء متعارف کروایا گیا ہے۔ فنی تربیت کے اداروں کی خود مختار ایگزامینیشن باڈی کا قیام ،کنسلٹنٹ فرم کے ذریعے ٹیکنیکل معاونت ، پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے تربیت حاصل کرنے والوں کے لئے ملازمت کی فراہمی کے علاوہ لیبر مارکیٹ مارکیٹ انفارمیشن سسٹم کو فعال کر کے ایسا موثر میکانزم وضع کیا گیاہے ،جس کے ذریعے آن لائن جاب پورٹل پر ہنر مند نوجوانوں کی معلومات اور صوبہ پنجاب کے انڈسٹریل سیکٹر کی تمام معلومات کا ڈیٹا موجود ہوگا۔امید کی جاتی ہے کہ محکمہ لیبر کے اس آن لائن جاب پورٹل سے ہزاروں کی تعداد میں ہنر مند افراد اور صنعتی و تجارتی مالکان استفادہ کرریں گے اورروزگار کی فراہمی کے وسیع مواقع میسر آئیں گے، بے روزگار کا خاتمہ ہوگا اور وقت کی بچت بھی ہوگی۔