پنجاب حکومت اور ترکی کی وزارت صحت کے مابین ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے تعاون کا معاہدہ

پنجاب حکومت اور ترکی کی وزارت صحت کے مابین ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے ...
پنجاب حکومت اور ترکی کی وزارت صحت کے مابین ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے تعاون کا معاہدہ

  

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب حکومت اور ترکی کی وزارت صحت کے مابین ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے لئے تعاون کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب شاہی قلعہ لاہور میں منعقد ہوئی ، ترکی کے صدر رجب طیب اردوان ، وزیر اعظم محمد نواز شریف ، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف ، ترک وفد کے اراکین اور پنجاب حکومت کے اعلی حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی، معاہدے پر پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی بابر گرگن اور پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری صحت نجم شاہ نے دستخط کئے ۔

مزید پڑھیں:ترک صدر کی روانگی کے بعد مال روڈ کو ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا

نجی ٹی وی کے مطابق معاہدے کی رو سے ترکی وزارت صحت پنجاب کے شعبہ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گی،ترکی کی وزارت صحت پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کے قیام کیلئے تکنیکی اور دیگر ضروری معاونت دے گی ، ترک وزارت صحت وبائی ومتعدی امراض کی روک تھام اور عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے پنجاب حکومت کے ساتھ ملکر کام کرے گی،ترکی کی وزارت صحت ڈرگ ٹیسٹنگ لیب ملتان کی تنظیم نو میں تعاون اور ادویات کی سپلائی کے نظام کو ازسرنو تشکیل دینے میں پنجاب حکومت کی شراکت دار ہو گی،ایمرجنسی میڈیکل سروسز کیلئے کمانڈکنٹرول او ر مانیٹرنگ سنٹر کی ڈیزائننگ اور پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی ترک وزارت صحت تعاون کرے گی۔معاہدے کی رو سے نرسوں کو ترکی سے تربیت دلوائی جائے گی اور ترک وزارت صحت دیگر میڈیکل سٹاف کی تربیت اورچار ہسپتالوں کی مینجمنٹ اور نان کورسروسز کو آؤٹ سورس کرنے میں بھی تعاون فراہم کرے گی۔ترک وزارت صحت اور پنجاب حکومت میڈیکل ریسرچ کے فروغ اور پنجاب میں ہیلتھ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو متعارف کرانے کے حوالے سے بھی معاونت کرے گی۔ترک وزارت صحت پنجاب میں پبلک ہاسپٹل ایجنسی کے قیام میں بھی مدد کرے گی جبکہ معاہدے کی رو سے پنجاب کڈ نی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوشن اور ترکی کی یونیورسٹی مالٹایہ کے مابین اشتراک کار بھی ہو گا ۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ،ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری میں ترکی کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں،پنجاب حکومت اور ترکی کی وزارت صحت کے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے تعاون کا معاہدہ خوش آئند ہے ، ہم ترکی کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنائیں گے ۔

مزید : قومی