ترقی کیلئے حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہو گا،طاہر رضا بخاری

ترقی کیلئے حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات پر عمل کرنا ہو گا،طاہر رضا بخاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(خبر نگار خصوصی) عصرحاضر میں امت مسلمہ کوعروج اور ارتقا کی منازل طے کرنے کے لیے حضرت داتا گنج بخش رحمہ اللہ علیہ کی تعلیمات کو اپنانا ہوگا۔ اسی سے روادارانہ فلاحی اور اسلامی معاشرے کی تشکیل ممکن ہو سکے گی ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب نے مرکز تجلیات، منبع فیوض و برکات ، الشیخ السیّد علی بن عثمان الہجویری المعروف بہ حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے 973ویں سالانہ عرس مبارک کے سلسلہ میں محکمہ اوقاف ومذہبی امور پنجاب کے زیر اہتمام سہ روزہ عالمی کانفرنس بعنوان: "الشیخ علی الہجویری اور معاصر عالم اسلامی" کے دوسرے دن کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، اس کانفرنس کی نشست سوم کی صدارت پیر سید بلال چشتی سجادہ نشین اجمیر شریف (انڈیا) نے کی، جبکہ ممتاز کالم نگار اور سینئر تجزیہ کار ارشاد احمد عارف مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس میں وطنِ عزیز پاکستان سے ڈاکٹر ظہور احمد اظہر صدر مسند نشین ہجویری چیئر پنجاب یونیورسٹی، راجا رشید محمود ایڈیٹر ماہنامہ نعت، ڈاکٹر سید محمداکرم شاہ پنجاب یونیورسٹی، ڈاکٹر محمد سلطان شاہ جی سی یونیورسٹی لاہور کے علاوہ ، معاصراسلامی دنیا یمن سے خالد الشامی الیمنی ،غزنی افغانستان سے پیر سید محمود آغا غزنوی،قازقستان سے عبدالخالق شہزاد، ترکی سے محمد نور دُغان نورسی نے اپنے اپنے مقالات پیش کیے ۔مقالہ نگاران نے اپنے خطبات میں کہا کہ حضرت داتا گنج بخش رحمہ اللہ کے ارشادات و فرمودات اور تعلیمات سے رہنمائی حاصل کی جائے تاکہ معاشرہ میں جو بگاڑ کی صورت ہے اس سے نجات میسر آسکے۔ حضرت داتاگنج بخش رحمہ اللہ کے فرمودات پر عمل کر کے ہم وطن عزیز میں انتہاپسندی، فرقہ واریت اور اسلام دشمنی کا قلعہ قمع کرسکتے ہیں ۔کانفرنس کی نشست چہارم میں مفسر قرآن علامہ سید ریاض حسین شاہ کا خصوصی لیکچر ہوا۔پیر سید منور حسین شاہ جماعتی اورپیر سید دیوان طاہر نظامی تشریف فرما تھے۔ اس موقع پر اندرون ملک اور بیرون سے زائرین کی کثیر تعداد شریک تھی۔آخر پر ڈائریکٹر جنرل اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے اندرون و بیرون ملک سے آنے والے معزز مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کرتے ہدیہ تبریک پیش کیا۔