حکمرانوں نے فوٹو سیشن کیلئے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی،عبدالعلیم خان

حکمرانوں نے فوٹو سیشن کیلئے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی،عبدالعلیم خان

لاہور(نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صد ر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شاہی خاندان سرکاری خزانے اور قومی دولت کے بے دریغ استعمال سے صرف اور صرف ذاتی مراسم کو مضبوط بنانے اور کاروباری مقاصد کو فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے طیب اردگان کے دورے کو بھی عوام کی آنکھوں میں دھول جھوکنے کیلئے استعمال کیا گیا شہری یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ 70سال بھی کیا ہماری حکومت شہروں کا کوڑا کرکٹ اکھٹا کرنے کے بھی قابل نہیں اور ضلعی حکومت میں سالڈ ویسٹ کا شعبہ ہونے کے باوجود گندگی اٹھانے کے لئے بھی ترکی کو ٹھیکے دیے جا رہے ہیں عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتوں پر مال روڈ بند کروانے کا اعتراض کرنے والی حکومت اب تاجروں کو کیا جواب دے گی سارے لاہور شہر کو یرغمال بنا دیا گیا ہے اور اپنے فوٹو سیشن کیلئے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی گئی ہے۔ عبدالعلیم خان نے ننکانہ صاحب کے پارٹی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کا مشترکہ سیشن کے بائیکاٹ کا فیصلہ انتہائی مناسب ہے ہمارے احتجاج کا مقصد ہی عالمی برادری کی توجہ پاناما لیکس کی طرف مبذول کرانا ہے اور اس سے بہتر کوئی اور موقع نہیں ہو سکتا تھا انہوں نے کہا کہ جلد قوم خوشخبری سنے گی اور میاں صاحب نے قطری شہزادے کو اس معاملے میں ملوث کر کے ایک مرتبہ پھر بم کو لات مار دی ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1