ماں ،بچہ کی صحت کے جاری منصوبے مزید بہتر ہو رہے ہیں،علی جان

ماں ،بچہ کی صحت کے جاری منصوبے مزید بہتر ہو رہے ہیں،علی جان

لاہور(جنرل رپورٹر) سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان نے کہا ہے کہ انڈیپنڈنٹ ذرائع کے سروے نے بھی صوبہ میں ای پی آئی پروگرام کے تحت روٹین ایمونائزیشن کوریج میں نمایاں بہتری کی تصدیق کی ہے۔انہو ں نے کہا کہ وزیراعلی ہیلتھ ریفارمز پروگرام کے تحت پرائمری ہیلتھ کیئر خصوصا ماں بچہ کی صحت کے پروگراموں اور عوام کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کے انڈیکیٹرز بتدریج بہترہورہے ہیں۔انہوں نے یہ بات ڈیپارٹمنٹ فار انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ برطانیہ(DFID) کے پاکستان میں نمائندے سرمائیکل باربر اور ان کی ٹیم کے ہمراہ پری سٹاک ٹیک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر مختار حسین سید،سپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر فیصل ظہور،محکمہ کے سینئر افسران،TRFپلس کے ڈاکٹر انور جنجوعہ پالیسی اینڈ سٹرٹیجک پلاننگ یونٹ (PSPU)کے ڈائریکٹر محمد خان رانجھا اور چیف منسٹر ہیلتھ روڈ میپ ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے۔ علی جان خان نے مزید کہا کہ توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (EPI) کی نئی حکمت عملی کے تحت مختلف اضلاع میں کم کوریج (LOW)والی پاکٹس(Pockets) میں بچوں اور حاملہ خواتین کی ایمونائزیشن پر خصوصی توجہ دی جائے گی جس کا آغاز جنوبی پنجاب کے اضلاع سے کیا جائے گا۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کا کہنا تھا کہ محکمہ نے راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے علاقوں میں کوریج کو بہتر بنانے کے لئے ایک پلان ترتیب دے دیا ہے مزید براں 24/7-IRMNCH پروگرام کے تحت 24 گھنٹے ڈلیوری کی سہولت فراہم کرنے والے 700 بنیادی مراکز صحت سے دیہی مراکز صحت(RHC)کو مریض منتقل کرنے کا ریفرل سسٹم بنانے پر تیزی سے کام کررہا ہے تاکہ سیریس کیسز کو فوری طور پر منتقل کیا جاسکے۔علی جان خان نے مزید کہا کہ IRMNCHڈلیوریز کے درست اعدادوشمار کی رپورٹنگ کو بہتر بنانے کے لئے اینڈ رائیڈ بیسڈ رئیل ٹائم سسٹم چند اضلاع میں پائلٹ کررہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ2017 میں روٹا وائرس،DPTبوسٹر ڈوز(4-5 سال کی عمر کے بچوں کے لئے) نومولود بچوں کے لئے ہیپاٹائٹسBکی برتھ ڈوز،2018 میں میزل روبیلا(MR)اور2019میں حاملہ خواتین کے لئے TD ویکسین متعارف کرائے گا جس پر مجموعی طور پر ایک ارب76 کروڑ97لاکھ روپے خرچ کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات جاری ہیں اور بیماریوں کی روک تھام کاپروگرام کامیابی کے ساتھ چل رہا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1