پانامہ لیکس کیس ‘قطری شہزادے کی بخشیش والا راز پہلی بار قوم کے سامنے آیا، شہباز خان

پانامہ لیکس کیس ‘قطری شہزادے کی بخشیش والا راز پہلی بار قوم کے سامنے آیا، ...

جوہانسبرگ (بیورورپورٹ) پاکستان عوامی تحریک بنونی کے رہنما رائے شہباز خان نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کیس کی پیروی میں حکمران خاندان کی طرف سے جمع کروائے گئے قطری شہزادے کی بخشیش والا راز پہلی بار قوم کے سامنے آیا۔ میاں نواز شریف اب تک یہی کہتے رہے کہ شریف خاندان جدی پشتی صنعت کاراور کھاتا پیتا خاندان ہے مگر اب قوم کو بتایا جا رہا ہے ان کی خوشحالی کے پیچھے ایک قطری شہزادے کی بخشیش ہے۔ رائے شہباز خان نے کہاکہ میاں نواز شریف ایک بار ہی قوم سے سچ بول دیں پاکستان اور وزرات عظمیٰ کے منصب کی مزید تذلیل نہ کریں۔انہوں نے کہاکہ ویسپا چلانے والے ن لیگی وزیر جو آج ارب پتی ہیں اپنے کرپٹ وزیر اعظم کے حق میں جھوٹ بولتے بولتے انکے چہروں کی رنگت سیاہ پڑ گئی مگر انہیں قوم کی غربت اور بے حالی پر رحم نہیں آ رہا۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے دو بار قوم سے خطاب کیا ،ایک بار پارلیمنٹ میں خطاب کیا مگر تینوں مرتبہ قطری شہزادے کی بخشیش کا ذکر نہیں کیا،یہ کون سے شہزادے ہیں جو کبھی لندن کے قرضے اتارنے کیلئے لاکھوں ڈالرز بھجوا دیتے ہیں کبھی کروڑوں کی بلٹ پروف گاڑیاں تحفے میں دے دیتے ہیں۔شریف خاندان کسی روز ان شہزادوں سے پاکستان کا قرضہ اتارنے کی درخواست بھی کر دے ،اگر ایسا ہو جائے تو پاکستان کے عوام انکے سارے جرائم نظر انداز کرنے پر تیار ہو جائینگے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی طرف سے دولت کے ذخائر کے ماخذ بتانے کے حوالے سے جو موقف اختیار کیا جا رہا ہے یقیناًمیاں شریف کی روح بھی سر پکڑ کر بیٹھی ہو گی۔انہوں نے کہاکہ قطری شہزادے کی طرف سے ملنے والی بخشیش پر صرف اتنا ہی کہا جا سکتا ہے ’’شرم تم کو مگر نہیں آتی‘‘۔ قطری شہزادے نے 70کی دہائی میں تحفے کی رقم بریف کیس میں دی یا کسی بنک اکاؤنٹ میں جمع کروائی اور پھریہ رقم کس کے دستخطوں سے بنک سے نکالی گئی یہ دستاویزات بھی خط کا حصہ ہونی چاہیے۔

مزید : عالمی منظر