ڈی فارمیسی ہولڈرز کو ڈگریاں جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست پر وکلا بحث کے لئے طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے نجی یونیورسٹی سے ڈی فارمیسی کرنے والے طالب علموں کو ڈگریاں جاری نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پرعدالت نے کیس کی مزید سماعت 23نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاء کو مزید بحث کے لئے طلب کر لیاہے۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار ہما ناز وغیرہ نے موقف اختیار کیا کہ نجی یونیورسٹی سے ڈی فارمیسی مکمل ہونے کے باوجود ڈگریاں جاری نہیں کی جا رہیں جس سے طلبہ کامستقبل داؤ پر لگ گیا ہے،ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل نذیر حسین نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نجی یونیورسٹی کا چارٹرڈ ڈی فارمیسی پروگرام کے لئے ہائر ایجوکیشن سے منظور شدہ نہیں۔ عدالت نے کہا کہ آگاہ کیا جائے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی یونیورسٹی کے خلاف حکومت یا ہائر ایجوکیشن کمیشن کیا کارروائی کر سکتا ہے ۔