ترک صدر کی آمد پر مال روڈ سیل، ٹریفک جام،شہری خوار

ترک صدر کی آمد پر مال روڈ سیل، ٹریفک جام،شہری خوار

لاہور(کرائم رپورٹر) ترک صدر طیب اردوان کی لاہور آمد پر پولیس کی جانب سے مال روڈ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا جس کی وجہ سے شہر کی اہم شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام دیکھنے میں آیا جبکہ ٹریفک جام میں کئی ایمبولینسز بھی پھنسی رہیں ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ترک صدر طیب اردوان کی لاہور آمد کے موقع پر پولیس کی جانب سے مال روڈ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ۔مال روڈ سیل ہونے کی وجہ سے گڑھی شاہو سے لیکر لوئر مال اور فورٹریس سٹیڈیم سے لیکر دھرم پورہ تک شدید ٹریفک جام دیکھنے میں آیا ۔سروسز ہسپتال جانے کیلئے اور میو ہسپتال جانے کے لئے ایمبولینسز ٹریفک میں پھنسی رہیں جبکہ پولیس کی جانب سے ایمبولینسز کو راستہ دینے کے لئے بھی سڑکوں کو نہ کھولا گیا ۔ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے اس حوالے سے ٹینٹ لگا کر مال روڈ کی جانب جانے والی تمام چھوٹی بڑی شاہراہوں سمیت گلیوں کو بند کر دیا گیا ۔شام 4بجے سے لیکر رات 1بجے تک چلنے والے اس عمل کے دوران شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور شہری کئی کئی گھنٹے تک سڑکوں پر کھڑے ہو کر راستہ کھلنے کا انتظار کرتے رہے جبکہ دوسری جانب پولیس اہلکار اور ٹریفک وارڈن کرسیوں پر بیٹھ کر شہریوں کی بے بسی کا منظر دیکھتے رہے ۔لوئر مال پر پولیس کی جانب سے موٹر سائیکل سواروں کے گزرنے کے لئے ایک چھوٹی سے جگہ چھوڑی گئی جس سے موٹر سائیکل سوار ایم اے او کالج کی جانب جا سکتے تھے جبکہ دوسری جانب کنال روڈ پر مال روڈ انڈر پاس کو بھی کئی گھنٹوں تک بند رکھا گیا جس کی وجہ سے کئی کلو میٹر تک گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں ۔

ٹریفک جام

مزید : علاقائی