ترک صدر نے پرتپاک استقبال پر شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا، اپنا بھائی کہہ کر مخاطب کرتے رہے

ترک صدر نے پرتپاک استقبال پر شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا، اپنا بھائی کہہ کر ...

لاہور(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے پاکستان کے دوروزہ دورے کے دوران اسلام آباد اور لاہور میں ہونے والی تقریبات میں موجود رہے۔وزیراعلیٰ نے ترک صدر کااسلام آباد میں استقبال کیا اورآج رات انہیں لاہور ائیرپورٹ سے رخصت کیا۔وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ترک صدر کے اعزاز میں مختلف تقریبات میں شرکت اس امر کی عکاس ہے کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اورترکی کے ساتھ تعلقات کو کس قدر اہمیت دیتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز اسلام آباد میں ترک صدر کااستقبال کیااورآج وزیراعظم ہاؤس میں ترک صدرکے اعزاز میں دےئے گئے استقبالیہ میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ نے وزیراعظم محمد نوازشریف اورترکی کے صدر کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والی ملاقات میں بھی شرکت کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی مشترکہ پریس کانفرنس کے موقع پر بھی موجود تھے ۔ترک صدر کے پارلیمنٹ سے مشترکہ خطاب کے دوران وزیراعلیٰ مہمانوں کی گیلری میں موجود رہے اور انہوں نے ترکی کے صدر کا پارلیمنٹ سے خطاب سنا۔بعدازاں وزیراعلیٰ لاہور واپس آئے اورائیرپورٹ پر انہوں نے ترکی کے صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعلیٰ نے شاہی قلعہ میں ترکی کے صدر کے اعزاز میں دےئے گئے عشائیہ میں شرکت کی۔ترکی کے صدر نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے ساتھ محبت اور خلوص کا اظہار کرتے ہوئے مختلف تقریبات میں ان کے ساتھ گرمجوشی کیساتھ ہاتھ ملایا اور وزیراعلیٰ شہبازشریف کی جانب سے پرتپاک استقبال کرنے پرخصوصی طورپر ان کا شکریہ ادا کیااورانہیں اپنا بھائی کہہ کر مخاطب کرتے رہے۔

مزید : صفحہ اول