ترک عوام نے جرات سے آئین کی حفاظت کی ،جمہوریت کیلئے جدوجہد کا کریڈٹ صدر اردوان کو جاتا ہے :ایاز صادق

ترک عوام نے جرات سے آئین کی حفاظت کی ،جمہوریت کیلئے جدوجہد کا کریڈٹ صدر ...

اسلا م آباد(اے این این)قومی اسمبلی کے سپیکرسردارایازصادق نے ترک صدررجب طیب اردوان کی پارلیمنٹ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان اور ترکی کے عوام کے باہمی تعلقات دونوں ریاستوں کی تخلیق سے پرانے ہیں،،ترکی کے بہادر عوام نے جرات سے اپنے آئین کی حفاظت کی، جمہوریت کیلئے عظیم جدو جہد کا کریڈٹ ترک صدر کو جاتاہے۔جمعرات کوپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس ترک صدرکے خطاب سے قبل اپنے کلمات میں سپیکرنے کہاکہ مسلم دنیا کے سب سے مقبول منتخب رہنما کا تعارف کرانا اعزاز ہے ترک قوم نے جمہوریت کے لیے متحد ہوکر آواز اٹھائی اورجمہوریت کیلئے جدوجہد پر پاکستانی قوم ترکوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ صدررجب طیب اردوان کی قیادت میں ترکی نے جوشاندار ترقی کی ہے وہ دوسروں کے لیے مشعل راہ ہے، ترکی کے بہادر عوام نے جرات سے اپنے آئین کی حفاظت کی، جمہوریت کے لیے عظیم جدو جہد کا کریڈٹ ترک صدر کو جاتاہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور ترکی اپنی مشترکہ تاریخ، مذہب اور ثقافت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے باہمی تعلقات دونوں ریاستوں کی تخلیق سے پرانے ہیں، دونوں اقوام نے ہمیشہ دنیا کے مظلوم ومحروم طبقات کی پرزور حمایت کی ہے خطے میں امن کے لیے پاکستانی عوام نے بہت قربانیاں دیں۔سپیکرنے کہاکہ ترک صدرکی کشمیر پر آواز پورے پاکستان کی آواز ہے بھارت نے دو سو تیس مرتبہ سرحدوں کی خلاف ورزی کی،چند دن پہلے فائرنگ سے سات پاکستانی فوجی شہید ہوئے۔ سپیکرنے بھرپورعزم کے ساتھ کہاکہ ترکی کی حمایت کی بدولت کشمیری جلد حق خود ارادیت حاصل کرلیں گے۔

مزید : صفحہ اول