وزیراعظم اور اداروں کا جمہوری احتساب چاہتے ہیں، بلاول بھٹو

وزیراعظم اور اداروں کا جمہوری احتساب چاہتے ہیں، بلاول بھٹو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور( نمائندہ خصوصی) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارا کوئی بھی سیاسی ہدف نہیں ہم صرف جمہوری طریقے سے وزیراعظم اور اداروں کا احتساب چاہتے ہیں،اب کوئی یوٹرن نہیں ہو گا، حکومت نے 27دسمبر تک اگر ہمارے چار مطالبات نہ مانے تو پہلے ہمارا نعرہ گو نثا رگو تھا پھر گو نواز گو ہو جائے گا ۔لاہور میں جہانگیربدر کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہمارا کوئی سیاسی ہدف نہیں لیکن ہم وزیراعظم اور اداروں کا جمہوری احتساب چاہتے ہیں، ہم نے وفاق کے سامنے 4 مطالبات رکھے ہیں جن پر اب بھی قائم ہیں ہم کبھی اپنے ارادے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور یوٹرن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ابھی تو صرف ’’گو نثار گو‘‘ ہے لیکن اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو 27 دسمبر کے بعد ’’گو نواز گو‘‘ کا نعرہ لگائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پنجاب میں تنظیم سازی کا اعلان آج کر دوں گاشہر لاہور اور پورے صوبہ پنجاب سمیت ملک کو بتاؤں گا کہ پیپلزپارٹی کل بھی زندہ تھی اور آج بھی زندہ ہے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جہانگیر بدر کی پارٹی کے لئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی‘‘۔قبل ازیں بلاول بھٹو جہانگیر بدر کے گھر مرحوم رہنماء کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ان کے ہمراہ ان کی ہمشیرہ بختاور بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ عذرا پیچو بھی تھیں ۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنماء بشیرریاض ، عبدالقادر شاہین ، نوید چودھری ، فیصل میر ، عزیزالرحمان چن ، ندیم افضل چن اور دیگر بھی موجود تھے ۔

مزید :

صفحہ اول -