پاکستان سے ملنے والا پیار اور اپنا پن زندگی بھر نہیں بھول سکتے،سکھ یاتری

پاکستان سے ملنے والا پیار اور اپنا پن زندگی بھر نہیں بھول سکتے،سکھ یاتری

حسن ابدال( اے این این) پاکستان سے ملنے والا پیار اور اپنا پن زندگی بھر نہیں بھول سکتے،محبت اور پیار کے یہ حسین لمحات ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ،وقت اِتنی جلدی گزرا کہ جیسے کوئی سہانہ سپنا ہو۔پاکستانیوں کی مہمان نوازی نے ثابت کردیا کہ یہاں دہشت گرد نہیں بلکہ ملنسار لوگ بستے ہیں ۔اِن خیالات کا اِظہار ہندوستانی سکھ یاتریوں نے ریلوے اِسٹیشن حسن ابدال پر واپس روانگی کے موقع پر صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ہندوستانی سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے حکومت پاکستان کی جانب سے کئے گئے کھانے پینے،رہائش ،سفری اور حفاظتی اِنتظامات کی شاندار الفاظ میں تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکومت نے ہمیں ہر سہولت پہلے سے بہت بہتر انداز میں مہیا کی اور ہمارے لئے کئے گئے اِنتظامات میں کسی قسم کی کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی ۔سکھ یاتریوں نے کہا کہ سخت حفاظتی اِنتظامات سے ہمیں ایک تکلیف ضرور ہوئی کہ ہم آزادی سے گھوم پھر نہیں سکے جس طرح آج سے کچھ عرصہ قبل ہم ہر جگہ آزادی اور اپنی من مرضی سے آتے جاتے تھے لیکن یہ سب ہماری حفاظت کے لئے کیا گیا جس کے کئے ہم سب کے بے حد مشکور ہیں۔سکھ یاتریوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں کو چاہیے کہ وہ مذاکرات کے زریعے موجودہ کشیدگی کا کوئی مستقل حل نکالیں کیونکہ دونوں ممالک کے لئے جنگ اور کشیدگی نقصان دے ہے اور امن ہی وہ واحد راستہ ہے جو دونوں ممالک کے حق میں بہتر ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول