سانحہ 12 مئی مقدمات کی سماعت 26 نومبر تک ملتوی

سانحہ 12 مئی مقدمات کی سماعت 26 نومبر تک ملتوی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسدادہشت گردی عدالت میں سانحہ 12 مئی کے 4 مقدمات میں مفرور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 26 نومبر تک ملتوی کردی ہے ۔کراچی انسدادہشت گردی کی عدالت میں 12 مئی سے متعلق 4 مقدمات کی سماعت ہوئی، میئر کراچی وسیم اختر سمیت 19 ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، وسیم اختر اپنے گھر سے عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت عدالت میں تفتیشی افسر کی جانب سے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لئے مہلت طلب کی گئی، تفتیشی افسران کے مقدمات کے حتمی چالان پیش نہ کرنے پر عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے مفرور ملزمان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 26 نومبر تک ملتوی کردی۔وسیم اختر نے اس موقع پر کہا کہ شہر میں کچرے کو لے کر کئی بار تنقید ہوتی ہے، لیکن بغیر اختیارات مسائل کو حل کرنا ممکن نہیں، سندھ حکومت نے حقوق سلب کر لئے ہیں، ہم کوئی ٹکراو نہیں چاہتے، خوش اسلوبی سے تمام مسائل کا حل چاہتے ہیں۔مئیر کراچی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سے ٹائم لے کر ملاقات کریں گے ، وفاقی حکومت 70 فیصد ریونیو جمع کرنے والے شہر کے لیے فنڈز جاری کرے۔کراچی میں کام ہوا تو اس کا کریڈٹ وزیراعلی سندھ کو ملے گا۔انہوں نے کہا کہ یادگار شہدا پر جانے کا فیصلہ پارٹی کی جانب سے کیا گیا تھا۔

مزید : کراچی صفحہ اول