سی پی او راولپنڈی نے فوارہ تا ڈنگی چوک سکیورٹی کیمروں کاافتتاح کردیا

سی پی او راولپنڈی نے فوارہ تا ڈنگی چوک سکیورٹی کیمروں کاافتتاح کردیا

راولپنڈی ( نیوز رپورٹر) سٹی پولیس آفیسر اسرار احمد عباسی نے مرکزی انجمن تاجران راجہ بازار کی جانب سے فوارہ چوک سے ڈنگی چوک تک جدید سیکورٹی کیمروں کا افتتاح کر دیا،تمام 52کیمروں کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے سینٹرلی منسلک کر دیا گیا اور اسکی مانیٹرنگ کے لئے کنڑول اینڈ مانیٹرنگ روم قائم کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں صدر مرکزی انجمن تاجران راجہ بازار شاہد غفور پراچہ، جنرل سیکرٹری ندیم شیخ،سرپرست حاجی نذ یر، عہدیدران حا جی زاہد امداد، ہمایوں پوری، شیخ تنویر احمد،صدر الزماں ، ندیم منہاس ، زیشان ملک ، شیخ ابرار احمد و دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر اسرار احمد عباسی نے کہا کہ انجمن تاجران راجہ بازار کی جانب سے جدید سیکورٹی کیمروں کی تنصیب خوش آئند ہے ، اس سے جرائم میں نمایاں کمی آئے گی ،سیکورٹی کیمروں سے بازاروں میں سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی،تاجروں نے ہمیشہ جرائم کے خاتمے کے لئے انتظامیہ سے تعاون کیا ۔انجمن تاجران راجہ بازار کی یہ کاوش شہر بھر کی مارکیٹوں کے لئے سنہری مثال ہے اور اس پر انجمن تاجران راجہ بازار کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ سی پی ار اسرار عباسی نے کیمروں کی مانیٹرنگ کے لئے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا ۔اس موقع پر شاہد غفور پراچہ نے کہا کہ تاجروں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے اس منصوبے پر دن رات تندہی سے کام کیا گیا اور تمام ممبران کے تعاون سے اس کو عملی جامہ پہنایا جا سکا ۔جنرل سیکرٹری ندیم شیخ نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے راجہ بازار کے تمام تاجروں اور خریداروں کی سیکورٹی کو بہتر بنایا جاسکے گا اور چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں بھی نمایاں کمی ہوگی کیونکہ تمام کیمروں کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم سے سینٹرلی مانیٹر کیا جارہا ہے ۔امن و امان کے قیام ،سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ہم نے ہمیشہ انتظامیہ سے عملی تعاون کیا ہے ۔راجہ بازار کے تاجروں کی بلاتفریق خدمت ہمارا شیوہ اور طرہء امتیاز ہے ۔ راجہ بازار میں آپٹیکل فائبر سے منسلک جدید سیکورٹی کیمروں کی تنصیب کے لئے تمام معزز تاجروں کے شکرگزار ہیں ،ہماراماضی گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ تاجروں کے اجتماعی و انفرادی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرایا اور آئندہ بھی تاجر خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر