آئین پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں ،زاہد پرویز

آئین پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں ،زاہد پرویز

ڈیرہ اسماعیل خان(بیورورپورٹ)آئین پاکستان اقلیتی برادری کے حقوق کا حامل ہے انہیں مکمل طور پر مذہبی سماجی سیاسی اور معاشی آزادی حاصل ہے چارٹر آف ڈیمانڈز میں درج کیئے گئے مسائل حل کیئے جائیں گے اور اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائیگا۔ان خیالات کا آزار آواز ڈسٹرکٹ فورم ایس پی او ڈیرہ کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں اقلیتی برداری کے ترقیاتی مسائل اور ان کے حل کے موضوع پر منعقدہ کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ زاہد پرویز وڑائچ اور تحصیل ناظم دیرہ عمر امین گنڈہ پور اور ایس پی ثناء اللہ مروت نے کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ میں آباد عیسائی اور ہندو برادری کو درپیش مسائل و مشکلات کا حل آئین و قانون کے مطابق تلاش کیا جائیگا اے سی زاہد پرویز نے کہا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ ڈپٹی کمشنر معتصم بااللہ شاہ کی خدمت میں پیش کیا جائیگا اور جائزہ لیکر آئین و قانون کے تحت اسے عملی جامعہ پہنچائیں گے۔عمر امین نے بلدیاتی کونسلز میں اقلیتی برادری کو بجٹ میں سے حصہ دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوابدیدی اختیارات کا مطلب کسی کو محروم کرنا ہرگز نہیں انہوں نے کہا ضلعی انتظامیہ کیساتھ ملاقات و مشاورت کرکے اقلیتی برادری کو انکے حقوق دلائیں گے۔ثناء اللہ مروت نے ضلعی سطح پر اقلیتی برادری کے باہمی منازعات حل کرنے کیلئے علیحدہ کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔اس سے قبل قیس جاوید مسیح نے چارٹر آف ڈیمانڈز پڑھ کر سنایا اور بعد ازاں سابق ایم پی اے کشور کمار،اشوک کمار،نسیم شاہد ایڈوکیٹ،پروفیسر اقبال،پادری وکسن اور پنڈت آرسی شرما نے چارٹر آف ڈیمانڈ باقاعدہ طور پر اے سی ڈیرہ کو پیش کیا جبکہ دیگر اقلیتی شرکاء نے مزید مسائل سے بھی آگاہ کیا۔تقریب میں ایس پی او پاکستان کے چیف ایگزیکٹو نصیر میمن،بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ممبران محترمہ پروین اختر،محترمہ عارفہ،ریجنل ہیڈ شفیع اللہ بلوچ،صدر آواز ڈسٹرکٹ فارم ڈیرہ ابوالمعظم ترابی جنرل سیکرٹری فرحت صدیق دیگر اراکین سابق ضلع کونسلر حاجی فلک شیر بلوچ اور تحصیل کونسلر راجہ شوکت علی بھی موجود تھے ایس پی او آفس میں آواز خواتین اسمبلی کی اسپیکر محترمہ بلقیس آرا نے بریفنگ دی جبکہ آواز ڈسٹرکٹ فورم کی بریفنگ کے موقع پر ممتاز مذہبی رہنما قاری خلیل احمد سراج، ادبی شخصیات سید ارشاد حسین،سید حفیظ اللہ گیلانی،پروفیسر سید محمد علی شاہ،اقلیتی رہنما نسیم شاہد،قیس جاویدمسیح اور صحافی محمد فضل الرحمن و محمد ریحان نے آواز فورم کی کارکردگی و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے ایس پی او کے چیف ایگزیکٹو و ممبران بورڈ آف ڈائریکٹرز سے درخواست کی کہ امن و اخوت،ثقافت اور شعور آگاہی کے سلسلے میں سرگرمیاں مزید بڑھائی جائیں۔

مزید : پشاورصفحہ آخر