حامد خان کو بدنام کرنے والے باز نہ آئے تو ان کا بار میں داخلہ بند کردیں گے ،لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر نے دھمکی دے دی

حامد خان کو بدنام کرنے والے باز نہ آئے تو ان کا بار میں داخلہ بند کردیں گے ...
حامد خان کو بدنام کرنے والے باز نہ آئے تو ان کا بار میں داخلہ بند کردیں گے ،لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر نے دھمکی دے دی

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا عبدالرحمن ضیاءنے کہا ہے کہ حامد خان کو بدنام کرنے والے لوگ اوچھے ہتھکنڈوں سے باز آجائیں ورنہ ان کے بار میں داخلے پر پابندی لگادی جائے گی ۔

اپنے ایک بیان میں ہائی کورٹ بار کے صدر نے کہا کہ کچھ موقع پرست اور سیاسی یتیم وکلاءنے نام نہاد صحافیوں کو اپنے ساتھ ملا کر ایک مذموم سازش کے تحت اس ملک کے نامور وکیل حامد خان کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے ،اس حرکت کا مقصد پی ٹی آئی کا نام استعمال کرکے میاں محمد نوازشریف کوفائدہ پہنچانا ہے ،ان لوگوں نے حامد خان کے سپریم کورٹ میں دلائل کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ،دنیا جانتی ہے کہ حامد خان ایک ایماندار بااصول اور منجھے ہوئے وکیل ہیں جنہیں ملک سے باہر بھی عزت و احترام کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ،اس سازش کے پیچھے وہ لوگ ہیں جن کا وکالت میں کردار ہمیشہ مشکوک اور داغدار رہا ہے اور وہ چور دروازے سے مختلف پارٹیوں میں گھستے رہے ہیں لیکن بعد میں تمام سیاسی پارٹیوں نے ان کی بدکرداری او ربدعنوانی کی وجہ سے انہیں باہر نکال پھینکا ،یہ لوگ نان پروفیشنل صحافیوں کا سہارا لے کر ڈبل گیم کررہے ہیں ،ایک طرف یہ لوگ میاں نواز شریف کو پاناما لیکس کیس میں فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں اور دوسری طرف حامد خان کی برائی کرکے عمران خان کے قریب ہونا چاہتے ہیں تاکہ دونوں پارٹیوں میں سے کوئی ایک انہیں پناہ دے دے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حامد خان وکلاءکے سب سے ہردل عزیز راہنما ہیں ،انہوں نے خبردار کیا کہ حامد خان کو بدنام کرنے والے لوگ اوچھے ہتھکنڈوں سے بعض آجائیں ورنہ ان کے بار میں داخلے پر پابندی لگادی جائے گی جیسا کہ ماضی میں ان کے اوپر پابندی لگ چکی ہے ۔

مزید : لاہور