”دولہا، دلہن، بارات اور 15 ڈاکو۔۔۔“ ایسا کام ہو گیا کہ آپ بھی خوفزدہ ہو جائیں گے
فیصل آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے مختلف شہروں میں چوری ڈکیتی کی متعدد وارداتیں ہوتی ہیں اور شہریوں کو نقدی و قیمتی چیزوں سے محروم کر دیا جاتا ہے مگر فیصل آباد میں ڈاکوﺅں نے پوری بارات کو لوٹ کر انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ میں 15 ڈاکوﺅں نے دولہا اور دلہن سمیت پوری بارات لوٹ لی، گنگا رام کے رہائشی راﺅ نعیم کی بارات ملتان سے واپس آ رہی تھی کہ ڈاکو باراتیوں سے نقدی، موبائلز اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے، متاثرہ افراد نے واقع کے خلاف روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر کے احتجاج کیا۔
دوسری طرف ڈجکوٹ میں ڈاکو دیہاتیوں کے ہتھے چڑھ گیا، 3 ڈاکو ناکہ لگا کر لوٹ مار کرنے میں مصروف تھے۔ اہل علاقہ کے اکٹھے ہونے پر فائرنگ کرتے 2 ڈاکو فرار جبکہ ایک دیہاتیوں کے ہتھے چڑھ گیا جسکی خوب درگت بنائی گئی۔فیصل آبادمیں ہر روز چوری اور ڈکیتی کی درجنوں وارداتیں ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے شہری خوف کا شکار ہیں لیکن پولیس کی کارکردگی صفر ہے۔