نیب قوانین میں ترامیم نہ کرنا ن لیگ کی ناکامی تھی، محمد زبیر

نیب قوانین میں ترامیم نہ کرنا ن لیگ کی ناکامی تھی، محمد زبیر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ہمارا شروع دن سے یہ اصولی موقف ہے کہ چیئرمین پبلک اکانٹس کمیٹی اپوزیشن سے ہی ہونا چاہیے، اگرحکومت نے شہباز شریف کو چیئرمین نہ بنایا تو حکومت کے لئے دوسری کمیٹیاں بنانا مشکل ہو گا۔خصوصی بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت ہمیشہ پچھلے دس سال کے احوال ہی بتاتی ہے مگر آمر مشرف کی حکومت کے بارے میں کبھی کوئی بات نہیں کرتی مشکل سے جمہوریت واپس آئی ہے جس قسم کی سیاست ہم کرتے رہے ہیں وہ اچھی نہیں۔محمد زبیر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت چیئرمین پبلک اکاونٹس سے متعلق اپنا موقف واضح کرے، ان کا اصولی مقصد صرف یہ ہے کہ شہباز شریف کو چیئرمین نہیں بنانا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تب سے یہ راگ الاپ رہی تھی جب شہباز شریف گرفتار بھی نہیں ہوئے تھے، سپریم کورٹ سمیت پورے پاکستان میں ایک موقف ہے کہ نیب جب سے وجود میں آیا ہے کوئی بھی اس سے مطمئن نہیں،مسلم لیگ ن کی یہ ناکامی ہے کہ وہ نیب قوانین میں ترمیم نہیں کر سکی۔