مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 نوجوان شہید
سرینگر(ڈیلی پاکستان آن لائن) ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کے نتیجے میں مزید 2 نوجوان شہید ہوگئے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھاری فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری ہے، کشمیر میڈیا سیل کے مطابق ضلع شوپیاں کے علاقے میں بھارتی فوج نے محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی جس کے دوران فائرنگ کرکے مزید 2 نوجوانوں کو شہید کردیا، دونوں نوجوانوں کی شناخت نواز احمد اور یاور وانی کے نام سے ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سے لیکر اب تک مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کے نتیجے میں متعدد کشمیری شہید ہوچکے ہیں جبکہ بھارتی فوج کی جانب سے انسانیت کےخلاف اپنے جرائم کو عالمی برادری سے چھپانے کےلئے محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔