33برس میں پہلی مرتبہ سٹیبلشمنٹ اور منتخب حکومت ایک ہی طرف منہ کرکے کھڑے ہیں :ایاز امیر
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)تجزیہ کار ایاز امیر نے کہاہے کہ وزیرا عظم عمران خان کے ساتھ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بھی وزیر اعظم کے ساتھ متحدہ عرب امارات جانا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ 33برس میں پہلی مرتبہ سٹیبلشمنٹ اور منتخب حکومت ایک ہی جگہ اور ایک ہی طرف منہ کرکے کھڑے ہیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”تھنک ٹینک “ میں گفتگو کرتے ہوئے ایاز امیر نے کہا کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام کی جانب جاچکاہے اور اب صرف اس کی شرائط پر بات چیت ہونا باقی ہے ، یو اے ای کی طرف سے کیا ملے گا اس کا چند دنوں میں پتہ چلے گا ، وزیرا عظم عمران خان کے ساتھ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا بھی متحدہ عرب امارات جانا اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ 33برس میں پہلی مرتبہ سٹیبلشمنٹ اور منتخب حکومت ایک ہی جگہ اور ایک ہی طرف منہ کرکے کھڑے ہیں ۔ انہوں نے کہا جونیجو کے وزیر اعظم بننے کے بعد سے لیکر آج تک سٹیبلشمنٹ اور سول حکومت میں ہم آہنگی نہیں دیکھی گئی ، اب یہ پہلی بار ہواہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب اور یواے ای کے ساتھ کھڑے ہیں اور جنرل راحیل شریف کا وہاں کیاکردار ہے اس کا ہم کو پتہ نہیں ہے کیونکہ ہمارے فوجی بہت کم تعداد میں وہا ں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی توپیں بالکل چپ ہیں اور میڈیا بھی تھوڑا سہما سہما ہے ۔