فواد چوہدری اور سما ٹی وی کے درمیان شدید لڑائی ہو گئی ،نجی ٹی وی نے وزیر اطلاعات کو شرم سے پانی پانی کر دیا
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نجی ٹی وی چینل کی جانب سے اُن کے جہلم میں ورکرز کنونشن سے خطاب کو ’’یو ٹرن ‘‘ قرار دینے پر آگ بگولہ ہو گئے ،فواد چوہدری نے نجی ٹی وی کو کڑوی کسیلی سنائیں تو جواب میں سما ٹی وی نےایسا کام کر دیا ہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات شرمسار ہوتے ہوئے اب اپنا سا منہ لے کر رہ جائیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل ’’سما نیوز ‘‘ نے وفاقی وزیر اطلاعات کی جانب سے جہلم میں منعقدہ ورکرز کنونشن میں ان کے خطاب کو ’’ یو ٹرن ‘‘ قرار دیتے ہوئے بار بار کہا کہ فواد چوہدری نے 14 نومبر کو سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے بلوچستان کو بیالیس ٹریلین ملنے کی بات کی تھی تاہم اب انہوں نے اپنے اس بیان پر ’’یو ٹرن ‘‘ لیتے ہوئے جہلم میں کہا ہے کہ ’’15 سو ارب روپیہ بلوچستان میں گیا ،کوئٹہ میں کوئی ہسپتال نہیں ہے ،وہاں کوئی حادثہ ہوتا ہے تو لوگ جہازوں میں مریضوں کو کراچی لے کر جاتے ہیں اور جب ان سے پوچھیں تو سارے اپنے سر پر ہاتھ رکھ کر بیٹھ جاتے ہیں کہ بڑا ظلم کر دیا ہے ‘‘حالانکہ سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے بلوچستان کو بیالیس ٹریلین ملنے کی بات کی تھی ۔
نجی ٹی وی پر اس خبر کے بار بار نشر ہونے اور ’’ یو ٹرن ‘‘کہنے پر وفاقی وزیر اطلاعات آگ بگولہ ہو گئے اور مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر نجی ٹی وی کو کھری کھری سناتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’’سماء ٹی وی کے بزرجمہروں کیلئے چوہدری اعتزاز صاحب کے کتاب پورس پڑھ لیں تا کہ ان کے علم میں اضافہ ہو کہ سکندر اعظم کو پورس سے فتح ہوئی یا شکست۔۔ اور مہربانی کریں کے جو کام آتا ہے وہ کریں یعنی Remaking of Crime تاریخ شاید ذرا زیادہ محنت والا کام ہے اور آپ اس کیلئے تیار نہیں ہیں‘‘۔فواد چوہدری کے اس ٹویٹ کے بعد نجی ٹی وی چینل ’’سما نیوز ‘‘ نے بھی وزیر اطلاعات کو آئینہ دکھاتے ہوئے ان کے جہلم اور سینیٹ میں کئے جانے والے خطاب کی فوٹیج سامنے لے آئے اور اسے بار بار نشر کرتے رہے ۔