متحدہ عر ب امارات پاکستان کوسعودی عرب سے بھی زیادہ دے گا :خاور گھمن کا دعویٰ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) صحافی خاور گھمن نے کہاہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سے پاکستان کو متحدہ عر ب امارات کی جانب سے سعودی عرب سے زیادہ ملے گا ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”تھنک ٹینک “ میں گفتگو کرتے ہوئے خاور گھمن نے کہا کہ پور ی دنیا میں کہیں بھی فری لنچ نہیں ملتا ، کہیں نہ کہیں کچھ نہ کچھ دینا پڑتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورہ یو اے ای سے پاکستان کو متحدہ عرب امارات سے سعودی عر ب سے بھی زیادہ
امدادی پیکجملے گا ، کم نہیں ملے گا ،اس وقت دنیا کے اندر بلاک بن رہے ہیں ،چائنہ اور روس کا اثر و روسوخ بڑھ رہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ چینیوں کو ہم سے کوئی پیار محبت نہیں ہے بلکہ یہ ان کے تزویراتی مفادات ہیں جس کی وجہ سے ان کوبھی گارنٹی چاہئے ، مشرق وسطیٰ میں جو حالات چل رہے ہیں وہا ں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا ایک نقطہ نظر ہے جبکہ ایران ہمارا بھی ہمسایہ ہے اس لئے ہمارا بھی ایک نقطہ نظر ہے کہ ہم نے اسلامی ملکوں کوساتھ لیکر کس طرح چلنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ باہر سے جب بھی پیسہ آیا ہے اس کوبے دردی سے استعمال کیاگیاہے لیکن موجودہ حکومت سے امیدہے کہ امانت میں خیانت نہیں کی جائیگی اور پیسہ جس مقصد کیلئے آئے گا اس پر ہی خرچ کیاجائے گا ۔