ملک بھر میں کاشت کیلئے مکئی کی 12نئی ہابرڈ اقسام متعارف

 ملک بھر میں کاشت کیلئے مکئی کی 12نئی ہابرڈ اقسام متعارف

  



اسلام آباد (یواین پی)پاکستان زرعی تحقیقاتی کونسل (پی اے آر سی) کی بیجوں کی مختلف اقسام کے جائزہ کمیٹی نے ملک بھر میں کاشت کیلئے مکئی کی 12نئی ہائبرڈ اقسام متعارف کروائی ہیں۔ منظور شدہ بیجوں کی ان اقسام سے پیداواری صلاحیت میں 3 سے 24 فیصد تک کا اضافہ ہوگا۔ منظور شدہ مکئی کے ان ہائبرڈ بیجوں کی اقسام میں دو اقسام ایم ایم آر آئی اور یوسف والا سرکاری شعبے نے تیار کی ہیں جنہیں کاشت کیلئے منظور کر لیا گیا ہے۔نئی اقسام کی منظوری کمیٹی کے ساتویں اجلاس میں دی گئی ہے جو پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر عظیم خان کی زیر صدارت ہوا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عظیم نے مکئی کی پیداواری صلاحیت کیلئے نجی شعبہ کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ مستند بیجوں کی اقسام کا استعمال زمین کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے بھی ضروری ہے۔ انہوں نے نجی شعبہ کے نظام میں شامل افراد کی اعتماد سازی میں پی اے آر سی کے کردار کو بھی سراہا،جس کی بدولت کمیٹی نے چھ ماہ میں تین اقسام کے بیج متعارف کروائے ہیں۔ انہوں نے ملک میں دیگر فصلوں کی کامیابی کیلئے مکئی کی جدید اقسام کی کامیابی کو مثال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں فوڈ سکیورٹی کمشنر ڈاکٹر وسیم الحسن، فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن و رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں اور نجی شعبہ کی کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

مزید : کامرس