پنجاب میں رواں برس گندم کی 20لاکھ ٹن اضافی پیداوار کا امکان
راولپنڈی (اے پی پی)وزیر زراعت پنجاب ملک نعمان احمد لنگڑیال نے کہاہے کہ صوبے میں رواں برس گندم کی 20لاکھ ٹن اضافی پیداوار کا امکان ہے کیونکہ امسال صوبہ پنجاب میں 2 لاکھ ایکڑ اضافے سے مجموعی طور پر1 کروڑ95 لاکھ ایکڑ پر گندم کاشت کی جا رہی ہے جس سے پیداوار کا تخمینہ1 کروڑ95 لاکھ ٹن ہے جو کہ گزشتہ برس سے20 لاکھ ٹن زائد ہے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے وزیر اعظم زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت9 ارب روپے سے زائد رقم سے کاشتکاروں کو سبسڈی پر منظور شدہ اقسام کے بیج و زرعی مشینری فراہم کی جا رہی ہے جس سے آنے والے دنوں میں صوبہ میں گندم کی فی ایکڑ اوسط پیداوار میں 7 من فی ایکڑ کا اضافہ ہو گا جس سے صوبہ میں فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بُزدار کی قیادت میں کاشتکاروں کی فلاح کیلئے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے جس سے کاشتکاروں کی آمدن اور زرعی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو گا۔