فلاحی ادارے نصف آبادی کو خدمات فراہم کررہے ہیں‘ فیصل آبادچیمبر

فلاحی ادارے نصف آبادی کو خدمات فراہم کررہے ہیں‘ فیصل آبادچیمبر

  



  فیصل آباد (بیورورپورٹ)  فیصل آباد کے غرباء کی نصف آبادی کو بنیادی طبی سہولتیں مقامی مخیر لوگوں کی طرف سے قائم کئے جانے والے رفاہی اور فلاحی اداروں کے ذریعے مل رہی ہیں جن کی وجہ سے سرکاری ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں پر مریضوں کے دباؤ کو کم کرنے میں بھی مدد مل رہی ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے آج چیمبر کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے چیئرمین حاجی محمد ادریس (سدھے شیخ)کی طرف سے قائم ثریا مجید ٹرسٹ ہسپتال میں دس بستروں پر مشتمل ایمرجنسی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر اور صنعتکار بنیادی طور پر خدا ترس ہوتے ہیں اور اُن کی کوشش ہوتی ہے کہ غرباء اور مساکین کی زیادہ سے زیادہ مدد کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں شہر کی سینکڑوں فری ڈسپنسریاں فیصل آباد چیمبر کے ممبروں کی مالی اعانت سے چل رہی ہیں اور ان سے روزانہ ہزاروں مریض مستفید ہوتے ہیں۔ انہوں نے محمد ادریس (سدھے شیخ)  کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے ہمیشہ دوسروں کے کام آنے کی کوشش کی ہے اور ثریا مجید ٹرسٹ ہسپتال اُن کی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس موقع پر دوسرے تاجروں پر بھی زور دیا کہ وہ دل کھول کر غریبوں کی مدد کریں تاکہ ملک سے غربت کا خاتمہ کیا جا سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ثریا مجید ٹرسٹ ہسپتال کے چیئرمین حاجی محمد صدیق نے بتایا کہ یہاں فزیو تھراپی کے علاوہ جدید ترین ڈائیلاسز مشینیں بھی مہیا کر دی گئی ہیں جہاں سے ہزاروں لوگ فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خدمت خلق کا یہ کام محض اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور اپنے والد مرحوم عبدالمجید کی خواہش کے مطابق کر رہے ہیں۔

 اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔قائمہ کمیٹی کے چیئرمین حاجی محمد ادریس (سدھے شیخ) نے بتایا کہ علاقہ کے لوگوں کیلئے جدید ڈائیلاسز مشین مہیا کر دی گئی۔ اس ماہ کی 15سے 30تاریخ تک یہاں سے ڈائیلاسز کروانے والوں کو یہ مہنگی سہولت صرف ایک روپے کی پرچی پر مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹرسٹ ہسپتال ان کے والد محترم کا درینہ خواب تھا جسے پورا کر دیا گیا ہے تاہم اُن کی کوشش ہو گی کہ اس میں ہر سال نئی اور جدید سہولتوں کا اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے ایمرجنسی کے حوالے سے بتایا کہ اس میں بھی جدید ترین طبی آلات مہیا کئے گئے ہیں۔  اس موقع پر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد کمال نے بھی محمد ادریس کی خدمات کو سراہا۔ 

مزید : کامرس